• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایرانی جواب کا انتظار، ٹرمپ کی ’’پراجیکٹ فریڈم پلس‘‘ کی دھمکی

کراچی (نیوز ڈیسک، اے ایف پی)امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ انہیں تازہ ترین امریکی تجاویز پر ایران کے جواب کا انتظار ہے،وائٹ ہائوس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا تہران کی جانب سے آج جواب متوقع ہے،جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا انہیں لگتا ہے کہ ایران جان بوجھ کر تاخیر کر رہا ہے تو ان کا کہنا تھا کہ ہمیں جلد ہی پتہ لگ جائے گا، انہوں نے دھمکی بھی دی کہ اگر ایران کے ساتھ معاملات طے نہ پائے تو پراجیکٹ فریڈم پلس شروع کیا جا سکتا ہے، ایران کے وزیرخارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ خلیج میں بحری جھڑپوں کے بعد امریکی سفارت کاری کی سنجیدگی پر سوالات پیدا ہوگئے ہیں ،برطانیہ نے جنگی جہاز مشر ق وسطیٰ بھیجنے کا اعلان کردیا ہے ، برطانوی وزارت دفاع نے اعلان کیا ہے کہ رائل نیوی کے ڈسٹرائر ایچ ایم ایس ڈریگن کو مشرق وسطیٰ میں تعینات کیا جائے گا، امریکی نیوز ایجنسی کے مطابق یہ اقدام تنازع ختم ہونے کے بعد آبنائے ہرمز میں جہاز رانی کی حفاظت کے بین الاقوامی مشن کا حصہ ہو سکتا ہے،یورپی ممالک نے اس مشن میں اپنی شمولیت کو جنگ کے خاتمے تک ملتوی کر دیا ہے، قطر سے پاکستان کےلئےایل این جی کا جہاز آبنائے ہرمز سے گزرے گا، برطانوی نیوز ایجنسی کے مطابق ایل این جی لے جانے والا یہ جہاز قطر الخریطیات قطر کے شہر راس لفان سے آبنائے ہرمز کی جانب روانہ ہوا ہے جو آبنائے ہرمز سے گزر کر اپنی مقرر کردہ منزل پاکستانی بندرگاہ پورٹ قاسم پہنچنا ہے،بحرین کی وزارتِ داخلہ نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے ایران کی پاسدارانِ انقلاب سے منسلک 41 افراد کو گرفتار کیا ہے،امریکی محکمہ خزانہ نے ایران کو ہتھیار دینے کی کوششوں میں مدد دینے کے الزام پر 10افراد اور کمپنیوں پر پابندی عائد کردی،ان میں چین اور ہانگ کانگ سے تعلق رکھنے والے افراد اور کمپنیاں بھی شامل ہیں،ان پر الزام ہے کہ انہوں نے شاہد ڈرون کی تیاری میں استعمال ہونے والا خام مواد پہنچانے میں بھی ایران کی مدد کی ہے،قطر کے وزیر اعظم شیخ محمد بن عبدالرحمن آل ثانی نے واشنگٹن میں امریکی نائب صدر جے ڈی وینس سے ملاقات کی اور مستقل امن کے لئے پاکستان کی قیادت میں جاری کوششوں پر تبادلہ خیال کیا ہے،قطر ی وزیر اعظم محمد بن عبدالرحمن آل ثانی نے ملاقات کے دوران ایران کے ساتھ کسی معاہدے تک پہنچنے کے لئے مذاکرات کی بحالی پر زور دیا،ایرانی عدلیہ کے ترجمان اصغر جہانگیر نے کہا ہے کہ جنگ کے آغاز سے لے کر اب تک 262 جائیدادیں ضبط کی جا چکی ہیں،ان افراد پر الزام ہے کہ انہوں نے جنگ کے دوران دشمن کے ساتھ تعاون کیاجن میں صحافی، سیاست دان، فنکار اور اداکار شامل ہیں،ایرانی سپریم لیڈر کے مشیر محمد مخبر نے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز کا کنٹرول ایٹم بم رکھنے جیسا ہے،محمد مخبر نے کہا کہ درحقیقت کسی کے ہاتھ میں ایسے فیصلے کی پوزیشن ہونا جو عالمی معیشت پر اثر انداز ہو ، ایک بڑا موقع ہے،چین میں تعینات ایرانی سفارتکار نے ان اطلاعات کی تردید کی ہے کہ ایرانی فورسز نے مارشل آئی لینڈ کے ایک تیل بردار ٹینکر پر حملہ کیا ہے جس پر چینی ملاح بھی سوار تھے،ایرانی خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق ایرانی سفیر عبدالرضا رحمانی فضلی نے اس خبر کو ’غلط‘ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان خبروں کو پھیلانے کا مقصد وزیرِ خارجہ عباس عراقچی کے حالیہ دورہ بیجنگ سے حاصل ہونے والے نتائج کی اہمیت کو کم کرنا ہے،چین کی وزارتِ خارجہ نے جمعہ کے روز تصدیق کی تھی کہ آبنائے ہرمز میں تیل مصنوعات سے لدے ایک ٹینکر، جس پر چینی عملہ سوار تھا، حملے کا نشانہ بنا ہے ۔امریکا اور اسرائیل کی جانب سے 28 فروری کو ایران پر حملے کے بعد پہلی مرتبہ ایرانی پارلیمنٹ کا اجلاس اتوار کو طلب کر لیا گیا ہے،ایران کے سرکاری خبر رساں ادارے ’ارنا‘ کے مطابق ایرانی پارلیمنٹ کے ترجمان عباس کودرزی نے اعلان کیا کہ جنگ کے بعد پہلی بار کونسل اپنا پہلا اجلاس ویڈیو کانفرنس کے ذریعے منعقد کرے گی، انہوں نے بتایا کہ اجلاس میں ارکان پارلیمنٹ جنگ کے باعث معاشی معاملات اور شہریوں کے ذریعہ معاش کے خدشات پر تبادلہ خیال کریں گے۔

اہم خبریں سے مزید