کراچی(اسٹاف رپورٹر)فاسٹ بولر محمد عباس کی پانچ وکٹوں کے بعد پہلا ٹیسٹ کھیلنے والے اذان اویس اور عبداللہ فضل کی پراعتماد بیٹنگ نے پاکستان کو بنگلہ دیش کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں مقابلے کی پوزیشن میں لاکھڑا کیا ۔بابر اعظم کی عدم موجودگی میں پاکستانی بیٹنگ کمزور دکھائی دے رہی تھی لیکن اوپنر امام الحق اوراذان اویس نے بنگلہ دیشی پیس بولنگ کو کمال مہارت سے کھیلتے ہوئے بے اثر کردکھایا،اذان پہلے ٹیسٹ میں سنچری کی جانب گامزن ہیں۔بنگلہ دیش کی ٹیم ہفتے کو میچ کے دوسرے دن پہلی اننگز میں413رنز بناکر آوٹ ہوگئی۔ میرپور کے شیر بنگلہ اسٹیڈیم میں کھیل ختم ہونے پر پاکستان نے ایک وکٹ پر179رنز بناکر ڈرائیونگ سیٹ سنبھال لی۔بنگلہ دیش کے پہلی اننگز کے اسکور کو برابر کرنے کے لئے پاکستان کومزید234رنز کی ضرورت ہے۔اذان ٹیسٹ ڈیبیو پر نصف سنچری بنانے والے 47ویں پاکستانی بن گئے۔وہ133گیندوں پر12چوکوں کی مدد سے85رنز بناکر نا قابل شکست ہیں۔ان کے ساتھ ون ڈاون پرآنے والے عبداللہ فضل 37رنز بناکر کھیل رہے ہیں۔انہوں نے 78گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے چھ چوکے مارے۔بنگلہ دیشی فاسٹ بولر ناہید رانا نےاذان کے ہیلمٹ پر گیند ماری جس وہ مشکل میں دکھائی دیئے اس کے بعد انہوں نے کمال اعتماد سے بیٹنگ کی۔دونوں میں دوسری وکٹ پر 73 رنز کی شراکت بن چکی ہے۔سیالکوٹ سے تعلق21 سال اور 211 دن کی عمر میں ڈیبیو کرنے والے اذان اویس امام الحق کے ساتھ اوپنر آئے۔ دونوں نے شاندار بیٹنگ کا آغاز کیا اور ابتدائی اوورز میں پانچ سے زائد رنز کی اوسط سے بیٹنگ کر کے جدید ٹیسٹ کرکٹ کھیلنے کا گر بھی سنیئرزز کو بتا دیا۔ امام الحق اور اذان اویس کے درمیان پہلی وکٹ کی شراکت میں 106 رنز بنے اور اس کے لیے دونوں نے 22 اوورز کھیلے ۔بدقسمت امام الحق تھے جو مہدی حسن مرزا کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے۔ 45 رنز کیلئے انہوں نے 72 گیندیں کھیلیں۔6 چوکے لگائے لیکن اذان اویس کا راستہ پھر بھی نہ رکا۔ ان کو جوائن کرنے والے دوسرے ڈیبیو بیٹر کراچی کےعبداللہ فضل جن کی عمر 23 سال ہے انہوں نے شروع میں بہت محتاط بیٹنگ کی اور 18 گیندوں کے بعد پہلا رن لیا۔ پاکستان کی اننگز کے 46 اوورز ہوئے۔بنگلہ دیش کی جانب سے مہدی حسن میرازنے 16 اوورز میں 37 رنز دے کے ایک وکٹ لی۔ تسکین احمد کو 8 اوورز میں 40 رنز پڑے اور کوئی وکٹ نہیں ملی۔ اسی طرح دیگر کھلاڑیوں جیسے ناہید رانا جن کا بڑا نام ہے وہ 9 اوورز میں 47 رنز دے گئے اور کوئی کھلاڑی آؤٹ نہیں کر سکے۔ آخری سیشن میں پاکستان نے 36 اوورز کھیلے ۔ایک وکٹ گنوائی اور 129 رنز بنائے۔آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں پاکستان کی یہ دوسری سیریز ہے ۔