کراچی(اسٹاف رپورٹر)انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے ڈویژن فارمولے سے دستبردار ہوتی نظر آرہی ہے اور اسے مکمل ایک ہی فارمولے کے تحت آگے بڑھائے گی۔ ٹیموں کی تعداد 10 سے بڑھا کر 12 کی جا رہی ہے اور اس میں ہر ملک کا دوسرے ملک کے خلاف کھیلنا لازمی قرار نہیں دیا گیا اور اہم بات اس میں یہ ہے کہ دو سال کے فارمیٹ میں کم سے کم 8 ممالک کے خلاف کھیلنا ہوگااور 12 ٹیسٹ میچز کم سے کم ہوں گے ۔سب سے اہم ترین بات یہ ہے کہ اب کسی بھی ملک کے خلاف ایک سنگل ٹیسٹ میچ بھی کھیلا جا سکے گا اور اسے سیریز شمار کیا جائے گا۔ اس سے قبل کم سے کم دو ٹیسٹ میچز کی سیریز تھی۔ یوں بڑے طاقتور کرکٹ ممالک کمزور ممالک کا اگر دورہ کریں گے تو وہ ایک ٹیسٹ میچ بھی کھیل سکتے ہیں۔ ان میں سری لنکا ،بنگلہ دیش بھی شامل ہیں۔