• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

10 مئی کا دن ملکی تاریخ میں سنہری حروف سے لکھا جائے گا، سردار عبدالرحیم

کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاکستان مسلم لیگ فنکشنل سندھ کے سیکریٹری جنرل سردار عبدالرحیم نے معرکۂ حق کی کامیابی کو ایک سال مکمل ہونے پر افواجِ پاکستان، سیکیورٹی اداروں اور پوری قوم کو شاندار الفاظ میں خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ 10مئی 2025ء کا دن ملکی تاریخ میں سنہری حروف سے لکھا جائے گا، جب افواجِ پاکستان نے قوم کی دعاؤں، اتحاد اور جذبۂ ایمانی کے ساتھ دشمن کے غرور کو خاک میں ملا دیا تھا۔پاکستان کی محب وطن عوام کو چاہیے کہ وہ 10 مئی کو ایک قومی تہوار کی طرح پُر جوش طریقے سے منائیں اور افواج پاکستان کو بھر پور خراج تحسین پیش کریں،اپنے بیان میں انھوں نے کہا کہ حروں کے روحانی پیشوا پیر صاحب پگارا کی ہدایت پر ہر مشکل گھڑی میں حر فورس کے جوان دشمن کے مقابلے کے لیے مکمل طور پر الرٹ اور تیار رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حر فورس نے ہمیشہ افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ رہتے ہوئے دشمن کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا، ڈٹ کر مقابلہ کیا اور دشمن کو پسپا ہونے پر مجبور کیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ فنکشنل کا ہر کارکن قومی سلامتی، ملکی دفاع اور قومی اداروں کے تحفظ کے لیے ہمیشہ اپنی افواج کے ساتھ کھڑا رہا ہے اور آئندہ بھی ہر قسم کی قربانی دینے سے دریغ نہیں کرے گا۔انھوں نے کہا کہ پاکستان کی بہادر افواج اور سیکیورٹی اداروں نے معرکۂ حق میں دشمن کے ناپاک عزائم خاک میں ملا کر دنیا پر واضح کر دیا کہ پاکستانی قوم اپنی خودمختاری اور دفاع پر کبھی سمجھوتہ نہیں کر سکتی۔

ملک بھر سے سے مزید