کراچی(اسٹاف رپورٹر)متحدہ قومی موومنٹ کے چیئرمین ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی ، سنیئر رہنما ڈاکٹر فاروق ستار، سابق گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد نے یوم عاشور پر کہا ہے کہ حضرت امام حسینؓ کی عظیم شہادت دینِ اسلام کی حفاظت، بقا اور سربلندی کی روشن علامت ہے۔ واقعۂ کربلا حق و باطل کے درمیان ایک ایسا تاریخی معرکہ تھا جس نے رہتی دنیا تک انسانیت کو صبر، استقامت، قربانی اور حق پر قائم رہنے کا درس دیا،ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ میدانِ کربلا میں نواسہِ رسول جگر گوشہِ بتول سید الشہداء حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ اور ان کے جانثار رفقاء کا اترنا اور جامِ شہادت نوش کرنا محض ایک تاریخی حادثہ نہیں بلکہ امتِ مسلمہ کے لئے ایک دائمی ضابطہِ حیات اور ایمان کا حتمی معیار ہے، 10 محرم الحرام 61 ہجری کو تپتے ہوئے صحرا میں جو پاکیزہ لہو بہایا گیا اس نے حق و باطل کے درمیان وہ لکیر کھینچ دی ہے۔