کراچی ( اسٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ سیاست سے بالاتر ہو کر قومی سلامتی کو اولیت دی ہے ،آج پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر ہے تو اس کے پیچھے پیپلزپارٹی کی دہائیوں کی قربانیاں اور وژن ہے، پاکستان کی ایٹمی اور میزائل صلاحیت پیپلز پارٹی کی قیادت کے وژن کا نتیجہ ہے۔ وہ سی ویو کلفٹن پر "معرکہ حق" کی پہلی سالگرہ منانے اور پاک افواج، شہداء اور قومی دفاعی اداروں کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے پی پی پی کراچی کی جانب سے منعقدہ عوامی جشن سے خطاب کررہے تھے۔ تقریب میں ہزاروں شہریوں، پارٹی کارکنوں، منتخب نمائندوں، خواتین اور خاندانوں نے شرکت کی ، سی ویو کو حب الوطنی، ملی نغموں، آتش بازی، لیزر لائٹ شوز اور ملک بھر کے معروف فنکاروں کی ثقافتی پرفارمنس کے ایک متحرک منظر میں بدل دیا۔ پی پی پی کے سینئر رہنماؤں بشمول وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، میئر کراچی مرتضیٰ وہاب، جنرل سیکریٹری سینیٹر وقار مہدی، صدر کراچی ڈویژن و صوبائی وزیر سعید غنی، قومی و صوبائی اسمبلیوں کے اراکین، سینیٹرز اور پارٹی عہدیداروں نے قومی اور پارٹی پرچم لہراتے ہوئے حامیوں کی بڑی تعداد کے ساتھ تقریب میں شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ یہ تقریب محض ایک سالگرہ کا جشن نہیں بلکہ ایک قومی تہوار ہے جو پاکستان کی جرات، اتحاد اور ناقابل تسخیر دفاعی صلاحیت کی علامت ہے۔ پی پی پی رہنماؤں نے پاک فوج، پاک بحریہ اور پاک فضائیہ کے ساتھ ساتھ ان شہداء کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا جنہوں نے مادر وطن کے تحفظ کے لئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مضبوط دفاعی صلاحیت اور تزویراتی ڈیٹرنس دہائیوں کی قربانیوں، وژن اور پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت کے جرات مندانہ فیصلوں کا نتیجہ ہے۔ ملک کے ایٹمی پروگرام کا حوالہ دیتے ہوئے وزیراعلیٰ نے یاد دلایا کہ سقوط ڈھاکہ کے بعد شہید ذوالفقار علی بھٹو نے سائنسدانوں اور قومی ماہرین کا تاریخی ملتان اجلاس بلا کر پاکستان کی ایٹمی صلاحیت کی بنیاد رکھی تھی۔ شدید بین الاقوامی دباؤ اور پابندیوں کے باوجود شہید بھٹو نے معاندانہ علاقائی ماحول میں ملک کی بقا اور خودمختاری کو یقینی بنانے کے لئے پاکستان کے ایٹمی پروگرام کو شروع کرنے کا تاریخی فیصلہ کیا۔ مقررین نے کہا آج اگر پاکستان ایک ایٹمی طاقت کے طور پر کھڑا ہے اور دشمن ہمارے ملک پر میلی آنکھ ڈالنے سے پہلے سو بار سوچتا ہے، تو یہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کے وژن، جرات اور قومی عزم کی بدولت ہے۔