کراچی (نیوز ڈیسک) پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان منشیات کی روک تھام کیلئے معاہدہ طے پاگیا ہے۔ معاہدے کے تحت منشیات اسمگلروں سے متعلق معلومات کا تبادلہ ؛ور منشیات کی سپلائی لائن توڑنے کیلئے مشترکہ حکمت عملی بنائی جائے گی۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کے وفاقی وزیر داخلہ و نارکوٹکس کنٹرول محسن نقوی اور بنگلا دیشی وزیر داخلہ صلاح الدین احمد کے درمیان ڈھاکا میں اہم ملاقات ہوئی، جس میں وزارت داخلہ کے درمیان سیکرٹری لیول جوائنٹ ورکنگ گروپ تشکیل دینے پر اتفاق کیا۔اس موقع پر پاکستان اور بنگلا دیش کے درمیان منشیات کی اسمگلنگ و استعمال اور نشہ آور اشیاء کی روک تھام میں تعاون کے لیے تاریخی معاہدے پر دستخط کیے گئے۔ محسن نقوی نے حکومت پاکستان جبکہ صلاح الدین احمد نے بنگلا دیشی حکومت کی نمائندگی کی۔ایم او یو کے تحت دونوں ممالک منشیات کی نقل و حمل اور اسمگلنگ روکنے کیلئے بھرپور تعاون کرینگے۔ اس سلسلے میں معاشرے میں منشیات کے بڑھتے رجحان اور منفی اثرات کے خاتمے کیلئے مشترکہ کوششوں کے ساتھ منشیات کی خرید و فروخت اور سپلائی لائن توڑنے کیلئے مشترکہ حکمت عملی وضع کی جائیگی۔ معاہدے کے مطابق متعلقہ ایجنسیاں منشیات اسمگلروں اور نیٹ ورکس کے بارے میں بروقت معلومات کا تبادلہ کریں گی۔ اہلکاروں کی تربیت، جدید ٹیکنالوجی کے استعمال اور منشیات روک تھام کے لیے بہترین طریقہ کار شیئر کیا جائے گا۔وفاقی وزیر داخلہ نے بنگلا دیشی ہم منصب کو سیف سٹی پراجیکٹ میں مکمل تعاون کی بھی پیشکش کی۔ محسن نقوی نے کہا کہ بنگلا دیش حکومت کو سیف سٹی پراجیکٹ میں بھی ہر لحاظ سے سپورٹ کریں گے۔