• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خطے میں کشیدگی کے باوجود پاکستان کی معیشت میں استحکام برقرار رہا، وزیر خزانہ

اسلام آباد (نامہ نگار)وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ گزشتہ دو ماہ کے دوران خطے میں جاری کشیدگی کے باوجود پاکستان کی معیشت میں استحکام برقرار رہا اور معاشی اشاریے بہتری کی جانب گامزن ہیں، وفاقی وزیرِ پیٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا کہ حکومت عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں غیر معمولی اتار چڑھاؤ کے اثرات سے عوام کو بچانے کے لیے پرعزم ہے،عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں تاریخی سطح تک پہنچنے کے باوجود حکومت نے صارفین کے تحفظ اور ملک بھر میں ایندھن کی مسلسل فراہمی کو یقینی بنایا حکومت نے توانائی کے تحفظ اور پیٹرولیم مصنوعات کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے ۔ سینیٹر محمد اورنگزیب نے وفاقی وزیرِ پیٹرولیم علی پرویز ملک کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ملکی معیشت، بیرونی شعبے کی صورتحال اور جاری علاقائی کشیدگی کے دوران پیٹرولیم سپلائی برقرار رکھنے کے حکومتی اقدامات پر میڈیا کو بریفنگ دی۔ وفاقی وزیرِ پیٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا کہ علاقائی بحران کے دوران پاکستان نے پیٹرولیم لاجسٹکس کا کامیاب انتظام کیا اور آبنائے ہرمز سمیت اہم عالمی بحری راستوں میں رکاوٹوں کے باوجود ایندھن کی فراہمی برقرار رکھی۔ وزیرِ پیٹرولیم نے اس مشکل وقت میں پاکستان کو پیٹرولیم سپلائی میں تعاون پر سعودی عرب اور کویت سمیت دوست ممالک کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔ دونوں وزرا نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت معاشی استحکام، توانائی کے تحفظ اور عوامی ریلیف کے لیے اقدامات جاری رکھے گی، جبکہ خطے میں جلد امن و استحکام کی بحالی کے لیے امید کا اظہار بھی کیا گیا۔وزیرِ خزانہ نے کہا کہ علاقائی کشیدگی اور جغرافیائی سیاسی چیلنجز کے باوجود پاکستان کی معیشت نے استحکام اور مضبوطی کا مظاہرہ کیا ، حکومت کا معاشی مؤقف زمینی حقائق اور بہتر ہوتے میکرو اکنامک اشاریوں پر مبنی ہے۔
اہم خبریں سے مزید