کراچی ( اسٹاف رپورٹر )شہر میں ہیوی ٹریفک نے 3معصوم زندگیوں کے چراغ گل کردئے جبکہ ٹریفک حادثات میں شہر میں مجموعی طور پر 7افراد اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ،ٹریفک حادثات ملیر سٹی ، بہادرآباد ، شاہ لطیف ، سائٹ اے ،سائٹ بی اور کورنگی کے علاقوں میں پیش آئے۔ تفصیلات کے مطابق ملیر سٹی تھانہ کی حدود مین نیشنل ہائی وے انور بلوچ ہوٹل کے عقب میں واقعے مگسی گوٹھ میں تیز رفتارگاڑی کی ٹکر سے ایک خاتون جاں بحق ہوگئی ، جاں بحق ہونے والی خاتون کی لاش جناح اسپتال منتقل کی گئی ، متوفیہ کی شناخت 60سالہ حسینہ زوجہ محرم کے نام سے کی گئی ، پولیس کے مطابق متوفیہ مگسی گوٹھ کی رہائشی تھی ، متوفیہ کے گھر والوں نے پولیس کو اپنے بیان میں بتایا ہے کہ متوفیہ گھر سے دوائی لینے نکلی تھی نامعلوم گاڑی ٹکر سے جاں بحق ہوگئی ،پولیس نے متعدد لوگوں کے بیانات لیے تاہم کسی نے حادثے کی ذمے دار گاڑی کے بارے نہیں بتایا ، علاقہ مکینوں کے مطابق متوفیہ گدا گر تھی جو صبح کے وقت گھر سے جاتی تھی اور شام کو واپس آتی تھی ، پولیس واقعے کی تحقیقات کر رہی ہے ، بہادرآباد تھانے کی حدود کارساز پی ایس او پیٹرول پمپ مین شاہراہ فیصل پر واٹرٹینکر کی ٹکر سے موٹرسائیکل سوار ایک شخص جاں بحق ہوگیا اور ایک پولیس اہلکار زخمی ہوگیا ، جاں بحق ہونے والے شخص کی لاش اور زخمی کو جناح اسپتال منتقل کیا گیا ، پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت 45 سالہ فضل اللہ ولد عبد الوہاب کے نام سے کی گئی ، متوفی بلوچ کالونی پل کے قریب کا رہائشی تھا ، جاں بحق ہونے والے شخص کے بھائی حکیم اللہ نے بتایا کہ متوفی فضل اللہ کا آبائی تعلق خیبر پختونخواہ کے علاقے باجوڑ سے تھا جبکہ بلوچ کالونی پل کے نیچے وہ اپنے دیگر بھائیوں کے ہمراہ ہوٹل چلا رہا تھا ، متوفی دو بچوں کا باپ تھا ،پولیس کے مطابق واٹر ٹینکر کا ڈرائیور حادثے کے بعد فرار ہو رہا تھا کہ موٹرسائیکل سوار اہلکار نے اسے روکنے کی کوشش کی جس پر ڈرائیور نے ٹینکر پولیس اہلکار پر چڑھا دیا جس سے اس کی موٹرسائیکل تبادہ ہوگئی جبکہ اہلکار عبدالرحمان زخمی ہوگیا ، تاہم اہلکار نے زخمی ہونے کے باوجود ڈرائیور کو پکڑ لیا ، اطلاع ملنے پر تھانے سے اضافی نفری موقع پر پہنچ گئی اور حادثے کے ذمے دار ڈرائیور اور ٹینکر کو تھانے منتقل کیا گیا ، شاہ لطیف تھانہ کی حدود نیشنل ہائی وے رزاق آباد پولیس ٹرینگ سینٹر کے قریب تیز رفتارواٹر ٹینکر کی ٹکر سے موٹرسائیکل سوار ایک شخص جاں بحق ہوگیا ، جاں بحق ہونے والے شخص کی لاش چھیپا ایمبولینس کے ذریعے جناح اسپتال منتقل کی گئی ، حادثہ میں جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت 40 سالہ رومان علی ولد کریم بخش کے نام سے کی گئی ، پولیس کے مطابق حادثے کا ذمے دار واٹر ٹینکر کا ڈرائیور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا ، پولسی نےواٹر ٹینکر کو تحویل میں لے لیا ہے ، سائٹ بی تھانہ کی حدود شیرشاہ ڈالڈا کمپنی کے قریب تیز رفتار موٹرسائیکل دیوار سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں 22 سالہ موٹرسائیکل سوار جاں بحق ہوگیا ، جاں بحق ہونے والے شخص کی لاش ایدھی ایمبولینس کے ذریعے سول اسپتال منتقل کی گئی ، پولیس کے مطابق حادثہ میں جاں بحق ہونے والے شخص کے پاس سے ایسی کوئی چیز نہیں ملی جس سے اس کی شناخت کی جا سکے ،عینی شاہدین کے مطابق متوفی بہت تیز رفتاری سے جاتے ہوئے موڑسائیکل کو بائیں جانب موڑتے ہوئے پل کے ایک پلر سے جا ٹکرایا ، سر پر چوٹ آنے سے موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا ۔