ماسکو ،کراچی (اے ایف پی، نیوز ڈیسک) روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن کا کہنا ہے کہ وہ امید کرتے ہیں کہ ایران کا تنازع جلد ختم ہو جائے گا،لیکن اگر ایسا نہیں ہوتا تو دنیا کو اس کی قیمت چکانی پڑے گی،یوکرین کی جنگ اختتام کی طرف بڑھ رہی ہے، انہوں نے یوکرین کی مدد کرنے پر مغربی ممالک کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا۔روس کے وکٹری ڈے کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایران تنازع بہت پیچیدہ ہے اور روس کو ایک مشکل پوزیشن میں ڈالتا ہے کیونکہ اس کے ایران اور خلیجی ریاستوں، دونوں کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں۔ انہوں نے مغرب پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے روس کے ساتھ محاذ آرائی کو تیز کرنا شروع کر دیا، جو آج تک جاری ہے۔ میرا خیال ہے کہ یوکرین جنگ اختتام کی طرف بڑھ رہی ہے، لیکن یہ اب بھی ایک سنگین معاملہ ہے۔روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے ہفتے کے روز کہا ہے کہ روس کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے اعلان کردہ قیدیوں کے بڑے تبادلے سے متعلق یوکرین کی طرف سے کوئی تجاویز موصول نہیں ہوئی ہیں۔