• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پیپلز پارٹی کی ذہنیت جاگیر دارانہ، جمہوریت سے کوئی واسطہ نہیں، حافظ نعیم

کراچی (اسٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نےکہا ہے کہ پیپلز پارٹی وڈیرہ شاہی وجاگیر دارانہ ذہنیت کی حامل پارٹی ہے،جمہوریت اور عوام کی رائے سے اس کا کوئی واسطہ نہیں، 18سال سے سندھ پر مسلط اور کراچی کے اداروں ِ،اختیارات ووسائل پر قابض ہے،پیپلز پارٹی کی صوبائی حکومت آرٹیکل 140-A کے تحت بلدیاتی اداروں کو نچلی سطح پر اختیارات ووسائل منتقل کرنے کو تیار نہیں۔ وہ ”بدل دو نظام“تحریک اور نئی قیادت نیانظام ممبر شپ مہم کے سلسلے میں جوہر موڑ گلستان جوہر میں قائم کیمپ پر شرکاء سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی نہ صرف کراچی بلکہ پورے ملک میں عوام کی آواز اور حقیقی ترجمان بنی ہے، ممبر شپ مہم پورے ملک میں تیزی سے جاری ہے، کراچی سمیت پورے ملک میں 50لاکھ نئے ممبران بنائے جائیں گے، عوام جماعت اسلامی کے ممبر اور دست وبازو بنیں،بدل دو نظام تحریک ملک پر مسلط وڈیروں،جاگیرداروں، بیوروکریسی اور طبقہ اشرافیہ کے گٹھ جوڑ سے نجات کی تحریک ہے، ملک اور قوم پر مسلط ٹولے کو عوام کے مسائل اور مشکلات سے کوئی سروکار نہیں، حکمران ٹولہ ہی ملک میں مہنگائی کرتا ہے، پیٹرول کی قیمتیں بڑھاتا ہے، اپنی عیاشیاں ختم نہیں کرتا۔ حافظ نعیم الرحمن نے جماعت اسلامی کے کارکنوں اور ذمہ داران پر زور دیا کہ ممبر شپ مہم کے سلسلے میں ہر سطح پر بھرپور عوامی رابطہ چلائی جائے۔عوام کی قوت او ر طاقت سے ہی ظالمانہ نظام کا خاتمہ ممکن ہے،پیپلز پارٹی اسلام آباد میں کراچی میں تعمیر وترقی کے حوالے سے پریزینٹیشن دیتی ہے اور بے وقوف بنانے کی کوشش کرتی ہے لیکن اہل کراچی جانتے ہیں کہ اس نے کراچی کو تباہ وبرباد کردیا ہے۔
اہم خبریں سے مزید