ٹوکیو(عرفان صدیقی)جاپان پاکستان حکومت نے متحدہ عرب امارات کے مشہور جبل علی ماڈل کی طرز پر استعمال شدہ گاڑیوں اور آٹو پارٹس کی درآمد، مرمت اور دوبارہ برآمد کیلئے ایک پائلٹ منصوبہ تیار کر لیا ہے۔ حکام کے مطابق اس اقدام سے آٹو سیکٹر میں 30کروڑ ڈالر سرمایہ کاری اور 30ہزار نئی ملازمتوں کے مواقع پیدا ہونے کی امید ہے۔وزارت صنعت و پیداوار کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے بتایا کہ اسپیشل انویسٹمنٹ فسیلیٹیشن کونسل (SIFC) اکتوبر 2023 سے اس منصوبے پر کام کر رہی ہے۔ اس دوران درآمدی و برآمدی قوانین میں موجود رکاوٹوں کو دور کرنے کے لئے وزارت تجارت، ایف بی آر اور انجینئرنگ ڈویلپمنٹ بورڈ کے درمیان ریگولیٹری ہم آہنگی پیدا کی گئی۔منصوبے کے تحت استعمال شدہ گاڑیاں اور آٹو پارٹس پاکستان درآمد کیے جائیں گے، جہاں انہیں عالمی معیار کے مطابق ریفربش کرکے دوبارہ بیرون ملک برآمد کیا جائے گا۔