• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان کا بچہ بچہ ملکی سلامتی و دفاع کے لیے تیار ہے، رمیش سنگھ اروڑہ

لاہور(خبرنگار)ٹاؤن ہال لوئر مال لاہور میں منعقدہ "معرکہ حق بنیان مرصوص و استحکامِ پاکستان کانفرنس" سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر برائے اقلیتی امور پنجاب، رمیش سنگھ اروڑہ نے کہا ہے کہ پاکستان عالمی سطح پر امن کا مرکز بن کر ابھرا ہے، جبکہ مودی آج پوری دنیا میں رسوا ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی رسوائی ہر گزرتے دن کے ساتھ بڑھتی جا رہی ہے جبکہ پاکستان کا مرال بلند ہو رہا ہے۔ بھارت میں اقلیتوں پر ظلم ڈھایا جا رہا ہے، لیکن پاکستان میں تمام اقلیتیں محفوظ اور متحد ہیں۔ پاکستان کا بچہ بچہ ملکی سلامتی و دفاع کے لیے تیار ہے اور ہم ایک متحد قوم بن کر ہی دشمن کو شکست دے سکتے ہیں ،کانفرنس کی صدارت چیئرمین مرکزی رؤیت ہلال کمیٹی پاکستان و خطیب بادشاہی مسجد مولانا سید محمد عبدالخبیر آزاد نے فرمائی۔ اس موقع پر انتظامی افسران اور مذہبی و سماجی شخصیات کی بڑی تعداد موجود تھی، جن میں کمشنر لاہور مریم خان، سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ، بشپ ندیم کامران، علامہ زبیر احمد ظہیر، مفتی اسد عبید، مولانا اسد اللہ فاروق، علامہ کاظم رضا نقوی، مفتی رمضان سیالوی، قاضی عبدالغفار قادری، پنڈت بھگت لعل، مفتی فتح محمد راشدی، ڈاکٹر مختار احمد ندیم، مفتی کریم خان، مولانا عزیز الرحمن ثانی، پیر عثمان نوری ، صاحبزادہ سید محمد عبدالرزاق آزاد اور پیر محمد شاہ حسین محمدی شامل تھے۔
لاہور سے مزید