کراچی( ثاقب صغیر )ایف آئی اے کراچی اور لاہور نے مختلف کارروائیوں کے دوران 7 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے کارپوریٹ کرائم سرکل کراچی نے ملیر میمن گوٹھ میں ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان (DRAP) کے تعاون سے ایک غیر قانونی ادویات سازی یونٹ پر چھاپہ مارا جو بغیر اجازت جعلی و غیر رجسٹرڈ ادویات تیار کر رہا تھا۔کارروائی کے دوران بھاری مقدار میں تیار شدہ جعلی ادویات، خام مال اور مشینری برآمد کی گئی۔برآمد شدہ ادویات میں جنسی طاقت بڑھانے والی ادویات، درد کش، لائف سیونگ ادویات اور جعلی پیناڈول شامل ہیں۔ابتدائی تحقیقات کے مطابق یہ نیٹ ورک منظم طور پر غیر قانونی ادویات کی تیاری اور فروخت میں ملوث تھا۔ملزم کو موقع پر گرفتار کر لیا گیا جبکہ احاطہ ڈریپ کی نگرانی میں سیل کر دیا گیا ہے۔ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے 3 روزہ جسمانی ریمانڈ حاصل کر لیا گیا ہے جبکہ مزید ملوث عناصر کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔ ایف آئی اے کراچی نے ہنڈی حوالہ نیٹ ورک بے نقاب کرتے ہوئے ملزم کو ڈیجیٹل شواہد سمیت گرفتار کر لیا۔حکام کے مطابق مقدمہ نمبر 34/2026 میں تحقیقات کے دوران محمد اشرف منظم ہنڈی/حوالہ نیٹ ورک کا اہم کردار نکلا۔تفتیش میں سرحد پار غیر قانونی مالی لین دین کا انکشاف ہوا۔ نیٹ ورک متحدہ عرب امارات ، چین، کینیڈا، ملائیشیا اور افریقہ تک پھیلا ہوا ہے ۔ایف آئی اے نے پورٹ وے ٹریڈ سینٹر پر چھاپہ مار کر ملزم کو گرفتار کیا۔ملزم کے موبائل فون سے اہم ڈیجیٹل شواہد برآمد ہوئے جبکہ غیر قانونی حوالہ ٹرانزیکشنز کے واضح ثبوت سامنے آ گئے ۔ایف آئی اے لاہور زون نے حوالہ ہنڈی اور غیر قانونی کرنسی ایکسچینج میں ملوث 3 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ گرفتار ملزمان میں عمران علی، اسداللہ اور بلال احمد شامل ہیں۔ کارروائیاں کمرشل بینکنگ سرکل اور کارپوریٹ کرائم سرکل لاہور کی جانب سے کی گئیں ۔ملزمان کو چھاپہ مار کاروائیوں میں لاہور کے مختلف علاقوں سے گرفتار کیا گیا۔ملزم عمران علی سے 2 کروڑ 2ی لاکھ ایرانی ریال ، 4 لاکھ 75 ہزار پاکستانی روپے ، لاکھوں ما لیتی پرائز بانڈ ، 3 کلو 1 تولہ سلور جبکہ 10 تولہ سونا برآمد ہوا جبکہ ملزمان اسداللہ اور بلال احمد سے 2 لاکھ 17 ہزار پاکستانی روپے برآمد کیے گئے ۔ملزم اسداللہ افغانی شہری نکلا۔ ملزمان سے موبائل فونز اور حوالہ ہنڈی، غیر قانونی کرنسی ایکسچینج سے متعلق شواہد بھی برآمد کر لیے گئے ہیں۔ ملزمان کے موبائل فونز سے کرپٹو کرنسی لین دین کے میسجز / ریکارڈ بھی برآمد ہوئے۔ ایف آئی اے لاہور زون نے مائیگرنٹ اسمگلنگ اور ویزا فراڈ میں ملوث 2 انسانی اسمگلرز کو گرفتار کر لیا۔گرفتار ملزمان میں محمد خورشید اور محمد اسلم شامل ہیں۔ ملزمان کو لاہور اور شیخو پورہ کے مختلف علاقوں سے گرفتار کیا گیا۔ملزمان نے شہریوں کو بیرون ملک ورک ویزہ کا جھانسہ دے کر مجموعی طور پر 5 لاکھ سے زائد روپے ہتھیائے۔گرفتار ملزمان شہریوں کو بیرون ملک بھجوانے میں ناکام رہے اور روپوش ہو گئے تھے ۔