کراچی (رفیق مانگٹ) بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ عوام سونا نہ خریدیں، پٹرول کا استعمال کم، پبلک ٹرانسپورٹ اپنائیں، کرونا دور کا گھر سے کام، ورچوئل میٹنگز، کانفرنسز شروع کی جائیں، شادیاں غیر ملکی سفر ملتوی کیا جائے۔ ابنائے ہرمز کی بندش کے پیش نظر بھارت میں زر مبادلہ بچانے کیلئےسخت اقدامات، عوام سے اپیل کی گئی۔ خلیجِ عرب میں حالیہ کشیدگی اور آبنائے ہرمز کی طویل بندش کے پیش نظر، بھارت کے وزیر اعظم نریندر مودی نے ملک کو درپیش معاشی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے قوم سے اپیل کی ہے کہ وہ پیٹرول اور ڈیزل کے استعمال میں کمی کریں، پبلک ٹرانسپورٹ کو استعمال کریں اور غیر ضروری زرمبادلہ کے اخراجات سے گریز کریں۔ یہ اپیل ایسے میں کی گئی ہے جب عالمی منڈیوں میں تیل کی قیمتوں میں اضافے نے ہندوستان کی زرمبادلہ کی شرح اور مجموعی معیشت پر شدید دباؤ ڈال دیا ہے۔رپورٹس کے مطابق آبنائے ہرمز کی بندش کے باعث بھارت کو درپیش سب سے بڑا چیلنج زرمبادلہ پر پڑنے والا دباؤ ہے۔ بھارت دنیا کا تیسرا سب سے بڑا تیل درآمد کرنے والا ملک ہے، اور خلیج سے درآمد ہونے والے تیل پر اس کا انحصار بہت زیادہ ہے جس کی وجہ سے زرمبادلہ کے ذخائر پر منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔ فنانشل ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق، گزشتہ ایک ماہ کے دوران بھارت کے زرمبادلہ کے ذخائر میں 7.79ارب ڈالرز کی کمی واقع ہوئی ہے جو 690.69 بلین ڈالرز رہ گئے ہیں۔ خام تیل کی بڑھتی ہوئی قیمتوں اور عالمی عدم استحکام کے باعث بھارت کے زرمبادلہ کے ذخائر پر شدید دباؤ ہے، اور سونے کی درآمدات اور بیرونی سفروں پر اختیاری اخراجات میں کمی کرکے ملک انہیں محفوظ کرنے میں مدد کر سکتا ہے۔ حیدرآباد میں ایک عوامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم مودی نے عوام پر زور دیا کہ وہ پیٹرول اور ڈیزل کا استعمال کم کریں، جہاں ممکن ہو میٹرو اور دیگر عوامی ذرائع آمد و رفت استعمال کریں، اور جہاں پرائیوٹ گاڑیوں کا استعمال ناگزیر ہو وہاں کارپولنگ کو فروغ دیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں زرمبادلہ بچانے کے لیے ہر ممکن کوشش کرنی ہوگی اور اس سلسلے میں ملک گیر سطح پر معاشی حب الوطنی کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کورونا وائرس کے دور میں نافذ کردہ گھر سے کام کرنے کے نظام کو دوبارہ اپنانے، آن لائن کانفرنسوں اور ورچوئل میٹنگز کو فروغ دینے کی بھی اپیل کی۔