اسلام آباد (این این آئی)پیٹرولیم ڈویژن حکام نے بتایا ہے کہ پاکستان کے پاس پیٹرول 30 دن اور ڈیزل 27 دن کے اسٹاکس ہیں۔سینیٹ کی قائمہ کمیٹی پیٹرولیم کے اجلاس میں پیٹرولیم ڈویژن حکام نے بریفنگ دی اور ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قلت سے متعلق خدشات پر جواب دیا۔ پیٹرولیم ڈویژن کے حکام نے بتایا کہ پیٹرول زیادہ مہنگا ہونے کی وجہ 117 روپے فی لیٹر لیوی کا نفاذ ہے، جنگ کے بعد ڈیزل 48 اور پیٹرول 56 فیصد مہنگا ہوا۔اس موقع پر سینیٹر سیف اللہ ابڑو نے استفسار کیا کہ کیا ساری لیوی جنگ میں ہی لگانی ہے؟وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے جواب دیا کہ ایسی بات نہیں ہے، عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف)سے پیٹرول اور ڈیزل پر لیوی 80،80 روپے طے ہے، جسے پوری کرنا ضروری تھا۔