کراچی (جنگ نیوز)بڑی عید کی بڑی فلم "زومبیڈ" کا ایڈونچر سے بھرپور ٹریلر ریلیز، آرٹس کونسل کراچی میں پاور فل ٹریلر کی پہلی جھلک کی نمائش، شائقین دنگ رہ گئے ،فہد مصطفی اور مہوش حیات نے حاضرین کی توجہ سمیٹ لی، ہال تالیوں سے گونج اٹھا ،جیو فلمز اور فلم والا پکچرز کا شاہکار، ایکشن، تھرل، ہارر اور سسپنس سے بھرپور فلم ۔ تفصیلات کے مطابق ”جیو فلمز اور فلم والا پکچرز“ بڑی عید پر ایڈونچر، تھرل اور سسپنس سے بھرپور فلم ”زومبیڈ“ لارہے ہیں۔فلم کا آفیشل ٹریلر گزشتہ روز شام 7 بجے کراچی آرٹس کونسل میں پیش کیا گیا جس نے دیکھنے والوں کو اپنے سحر میں جکڑ لیا۔ فلم کے آفیشل ٹریلر کی ریلیز کے موقع پر آرٹس کونسل میں شوبز شخصیات، میڈیا نمائندگان اور شائقینِ فلم کی بہت بڑی تعداد موجود تھی۔ اس کے علاوہ اداکار، فنکار اور عوام الناس سے بھی پورا ہال کھچا کھچ بھرا ہوا تھا۔ تقریب میں زومبی کردار ادا کرنے والے آرٹسٹ بھی موجود تھے جنہوں نے تقریب کو چار چاند لگا دیئے۔ فلم کے مرکزی کردار فہد مصطفیٰ، مہوش حیات، فلم والا کی پروڈیوسر اور رائٹر فضا علی جبکہ رائٹر و ڈائریکٹر نبیل قریشی، فلم کے ولن ماجد کے علاوہ معروف اداکار اعجاز اسلم، مانی، یاسر حسین، ڈائریکٹر و پروڈیوسر وجاہت حسین اور بلال یوسف زئی نے بھی شرکت کی۔ ایکشن، تھرل اور ایڈونچر سے بھرپور پاورفل ٹریلر دیکھنے کے بعد ہال تالیوں سے گونج اُٹھا۔ لوگوں نے کمال اداکاری پر اداکاروں کو خوب داد دی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فلم کے مرکزی کردار فہد مصطفیٰ نے کہا کہ اس طرح کی فلم بنانا آسان نہیں ہوتا، اس میں بے انتہا انرجی خرچ ہوتی ہے۔ میں فلم کی ڈائریکشن اور کام کرنے والے اداکاروں کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں۔ اُن کا کہنا تھا کہ فلموں میں کردار ادا کرنا آسان ہے لیکن ”زومبیڈ“ میں کردار کو نبھانا اور اس کا تسلسل برقرار رکھنا بہت مشکل تھا، اب یہ فیصلہ ناظرین کریں گے کہ میرا کردار کیسا رہا۔ فضا مرزا نے بتایا کہ اس فلم کو بڑی مہارت سے بنایا گیا ہے اور یقیناً یہ فلم کامیاب ہوگی۔ فلم کی مرکزی کردار مہوش حیات کا کہنا تھا کہ میں نے امریکا جاکر اس کردار کیلئے تربیت حاصل کی تھی یاد رہے کہ ”جیو فلمز“ اس سے قبل کئی مشہور اور شاہکار فلمیں اپنے ناظرین کیلئے پیش کر چکا ہے، اِن میں ”خدا کے لیے، بول، طیفا اِن ٹربل، دی لیجنڈ آف مولا جٹ، ڈونکی کنگ اور دی گلاس ورکر“ شامل ہیں۔