پاکستانی سفارت خانہ برن سوئٹزرلینڈ میں جشنِ معرکہ حق اور آپریشن بنیان مرصوص کی تکمیل کے حوالے سے ایک تاریخی اور شاندار تقریب منعقد کی گئی۔
11 مئی 2026 کو ہونے والی اس تقریب کے موقع پر صائمہ خان نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا، تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا، جس کی سعادت نادر شاہ نے حاصل کی۔
سفیر پاکستان مرغوب سلیم بٹ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان امن کا خواں ہے لیکن اگر کوئی میلی آنکھ سے پاکستان کی طرف دیکھے گا تو اس کو بھرپور جواب دیا جائے گا۔
انھوں نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج نے مئی 2025 میں بھارتی جارحیت کا بھرپور اور منہ توڑ جواب دیا اور دشمن کے ناپاک عزائم خاک میں ملا دیے، پاکستان ایئر فورس کے شاہینوں نے دشمن کو منہ توڑ جواب دیتے ہوئے اس کے 8 رافیل لڑاکا طیارے مار گرائے، معرکہ حق کے بعد ایک سال میں عالمی سطح پر پاکستان ابھر کر سامنے آیا ہے۔ انہوں نے بیرونِ ملک پاکستانیوں کے کردار کو بھی سراہا اور کہا کہ سوئٹزرلینڈ میں مقیم پاکستانیوں نے غیر متزلزل یکجہتی کا مظاہرہ کیا۔
پاکستانی سفیر نے کہا کہ 7 مئی 2025ء کی رات کو جب دشمن نے پاکستان کو للکارا تو قوم کے سپوتوں نے بھارتی جارحیت کا جواب محض الفاظ سے نہیں دیا بلکہ افواجِ پاکستان نے عملی طور پر ایک منظم اور فیصلہ کُن حکمتِ عملی کے ذریعے آپریش بنیان مرصوص کے نام سے معرکۂ حق میں تاریخی فتح حاصل کی جس نے عالمی سطح پر پاکستان کا نام فخر سے بلند کرتے ہوئے پاکستان کی عسکری صلاحیت کو نمایاں کیا۔
شرکاء نے پاکستان کی مسلح افواج، سیاسی قیادت اور عوام کے اتحاد کو سراہتے ہوئے کہا کہ قومی یکجہتی نے ملک کی خودمختاری کے دفاع میں اہم کردار ادا کیا۔ ہم کشمیر کا حل اقوام متحدہ کی قراداد کے تحت چاہتے ہیں۔
تقریب سے خطاب میں شرکاء نے فیلڈ مارشل عاصم منیر، وزیرِ اعظم شہباز شریف اور نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار کو خراجِ تحسین پیش کیا۔