کراچی (اسٹاف رپورٹر) شان مسعود کی قیادت میں پاکستانی کرکٹ کا ٹیسٹ سکواڈ بدھ کو جہاز کے ذریعےڈھاکا سے سلہٹ پہنچ گیا ۔ کپتان کا کہنا ہے کہ ٹیسٹ کرکٹ میں معافی نہیں۔ سب کو ذمہ داری لینی پڑے گی۔ کوشش کریں گے کہ دوسرے ٹیسٹ میں غلطیاں نہ دہرائیں۔ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان دوسرا ٹیسٹ میچ ہفتے سے شروع ہوگا۔ میچ بارش سے متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ جمعرات سے شروع ہونے والی بارش پورے ہفتے جاری رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ پہلے ٹیسٹ میں پاکستان کو 104 رنز سے شکست ہوئی ہے۔ بنگلہ دیش کے نوجوان فاسٹ بولر ناہید رانا نے پانچ وکٹیں حاصل کیں ۔ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ سلہٹ میں پاکستان اور بنگلہ دیش کا دوسرا ٹیسٹ پروگرام کے مطابق ہفتے کو شروع ہوگا۔ بارش کی وجہ سے وینیو پر خدشات کا اظہار کیا جا رہا تھا ۔ بنگلہ دیش نے میچ کیلئے پہلے ٹیسٹ کے فاتح اسکواڈ کو برقرار رکھا ہے۔ بنگلہ دیش کی پاکستان کے خلاف ٹیسٹ میچوں میں لگاتار تیسری فتح ہے۔ میر پور ٹیسٹ میں بدترین کارکردگی کپتان شان مسعود کی انفرادی کارکردگی پر بھی سوال اٹھا رہی ہے۔ ان کی قیادت میں پاکستان نے15ٹیسٹ کھیلے ہیں اور گیارہ ہارے اور چار جیتے ہیں ۔ سرفراز احمد کے ہیڈ کوچ بننے کے بعد پاکستان کو پہلے ہی میچ میں ہار کامنہ دیکھنا پڑا۔ یہ پاکستان کی آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں بدترین شکست ہے ۔ اس شکست کے ساتھ ہی چیمپئن شپ پوائنٹس ٹیبل پر پاکستان 33.33 کے ساتھ 7 ویں نمبر پر چلا گیا ہے۔شان مسعود اور انضمام الحق پاکستان کی تاریخ میں سب سے زیادہ ٹیسٹ میچ (11)
ہارنے والے کپتان ہیں۔ پاکستان نے مصباح کی کپتانی میں19میچز ہارے ۔ جنھوں نے کل 56 میچوں میں قیادت کی تھی۔ انضمام 31میچوں میں کپتان رہے تھے۔