کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاکستان ٹیسٹ وکٹ کیپر محمد رضوان اور سعود شکیل فٹنس مسائل سے دوچار ہیں ، ویسٹ انڈیز کی ٹیسٹ سیریز میں ان کی شرکت میں فٹنس سے مشروط ہے۔ سعود شکیل نے ری ہیب کے بعد بیٹنگ پریکٹس جبکہ رضوان نے ہلکی ٹریننگ کا آغاز کردیا ہے۔ پہلا ٹیسٹ 25 جولائی کو کھیلا جائے گا، سلیکٹرز کو امید ہے کہ دونوں ٹیم کی روانگی سے قبل فٹ ہوجائیں گے۔ سلیکٹرز نے عبداللہ شفیق، کامران غلام اور حمزہ نذر کو ریڈ بال جبکہ شاہ زیب خان کو وائٹ بال کیمپ میں شامل کر لیا ہے۔ نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں ریڈ بال کیمپ جاری ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں اہم پلیئرز کی انجری سے ریکوری پر کام کیا جا رہا ہے اور ان کے متبادل کے طور پر کیمپ میں مڈل آرڈر بیٹر کو بلایا جا رہا ہے۔ انجری کے مسائل کے باعث سلیکٹرز کو ٹیسٹ اسکواڈ میں مجبوراً زیادہ تبدیلیاں کرنا پڑ رہی ہیں۔ محمد رضوان کے متبادل کے طور پر روحیل نذیر کو ریڈ بال کیمپ میں شامل کیا گیا ہے۔ اگر رضوان فٹ نہ ہوسکے تو وہ غازی غوری کے ساتھ ٹیم کا حصہ بنیں گے۔ ادھر بدھ کو پاکستانی کھلاڑیوں نے ایل سی سی گراؤنڈ میں سیناریو میچ میں شرکت کی۔