میامی (جنگ نیوز) پرتگال کے کپتان کرسٹیانو رونالڈو نے کہا ہے کہ اگر فیفا ورلڈ کپ کے ناک آؤٹ مرحلے میں ان کا مقابلہ لیونل میسی کی ارجنٹائن سے ہوتا ہے تو یہ ایک شاندار چیز ہوگی۔ واضح رہے کہ یہ دو عظیم کھلاڑی آج تک کسی انٹرنیشنل ٹورنامنٹ کے ناک آؤٹ میچ میں ایک دوسرے کے مدمقابل نہیں آئے۔غیر ملکی نشریاتی ادارے کے مطابق ازبکستان کے خلاف میچ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسٹار فٹبالر نے کہا کہ ان کی اولین ترجیح ٹیم کو اگلے مرحلے میں لے جانا ہے۔ 23 برس سے پروفیشنل فٹبال کھیل رہا ہوں، نتائج اچھے نہ ہوں تو لوگ عمر پر تنقید کرتے ہیں لیکن ٹیم نے میدان میں بہترین جواب دے کر گروپ مرحلہ عبور کرنے کا ہدف پورا کر لیا ہے۔ پرتگال اپنا آخری گروپ میچ ہفتے کو کولمبیا کے خلاف کھیلے گا۔