فیصل آباد (نمائندہ جنگ) پاکستان ٹیکسٹائل ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے پیٹرن چیف خرم مختار نے کہاہے کہ جیوپولیٹیکل حالات کے باعث پاکستان کے پاس فوری طور پر پانچ ارب ڈالر کی برآمدات بڑھانے کے مواقع موجود ہیں۔ تاہم اس کے لئے حکومت کو ایکسپورٹ ایکو سسٹم کی بحالی کے لئے اقدامات کرنے اور پالیسی سپورٹ فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے بجٹ تجاویز اور صنعتی اصلاحات کے حوالے سے ٹیکسٹائل سیکٹر کے نمائندوں سے تفصیلی مشاورت کرنے کے حکومتی اقدام کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ وفاقی وزرا و دیگر اہم شخصیات کو اس بات سے آگاہ کر دیا گیا ہے کہ اس سلسلے میں ٹاپ 30 ایکسپورٹرز فوری طور پر دو ارب ڈالر جبکہ چار ہزار دیگر ایکسپورٹرز باآسانی تین ارب ڈالر کی برآمدات فوری طور پر بڑھا سکتے ہیں جس سے اضافی زرمبادلہ حاصل ہونے کے ساتھ ساتھ روزگار کی فراہمی میں بہتری آئے گی۔ وہ ٹیکسٹائل انڈسٹری کی مختلف تنظیموں کے نمائندوں پر مشتمل وفد کی وفاقی وزیر برائے خزانہ محمد اورنگزیب، وزیر مملکت بلال کیانی اور دیگر اہم شخصیات سے منگل کے روز ہونے والی ملاقاتوں سے متعلق گفتگو کر رہے تھے۔