ٹورنٹو /میڈرڈ (شکیل یامین کانگا/جنگ نیوز) 16 برس بعد فیفا ورلڈکپ 2026 کا تاج جیتنے کے بعد ہسپانوی فٹبال کنگز وطن واپس پہنچ گئے ۔ عالمی چیمپئنز کے شاہانہ استقبال کیلئے لاکھوں افراد سڑکوں پر نکل آئے۔ اسپین کی شاندار کامیابی کے بعد پورےملک میں جشن کا سماں رہا۔ یہی نہیں بلکہ غزہ اور مقبوضہ مغربی کنارے میں فلسطینیوں نے اسپین کی جیت کا جشن منایا۔ وہ عارضی اسکرینوں کے گرد جمع ہوئے اور نعرے لگائے ۔ اسپین کے بڑے شہروں کی سڑکیں مداحوں سے بھر گئیں اور لوگ خوشی سے جھوم اٹھے۔کئی شہروں میں ٹریفک گھنٹوں متاثر رہی۔ میڈرڈ کے تاریخی سیبیلیس اسکوائر اور پلازہ ڈی کولون پر لاکھوں کی تعداد میں شائقین جمع ہوئے۔ فائنل وسل بجتے ہی فضا نعروں، آتش بازی اور گاڑیوں کے ہارن سے گونج اٹھی۔ رات گئے تک روڈ ریلیاں نکالی گئیں اور ہسپانوی پرچم لہرائے گئے۔ پیر کو چیمپئن ٹیم چارٹر طیارے کے ذریعے امریکا سے میڈرڈ پہنچی، فٹبال فیڈریشن حکام، حکومتی نمائندوں اور کھلاڑیوں کے اہل خانہ نے ان کا استقبال کیا۔ بعد ازاں کھلاڑی اوپن ٹاپ بس میں شہر کی مرکزی شاہراہوں سے گزرتے ہوئے تاریخی سیبیلس اسکوائر پہنچے، جہاں ملکی پرچموں میں لپٹے مداحوں نے اپنے ہیروز پر پھول نچھاور کیے، نعرے لگائے اور آتش بازی کے ساتھ تاریخی کامیابی کا جشن منایا۔ شاہ فیلیپ ششم اور ملکہ لیٹیزیا نے شاہی محل میں چیمپئنز سے ملاقات کی ۔بعد میں سیبیلس اسکوائر میں کپتان روڈری نے ٹرافی بلند کی تو پورا چوک نعروں سے گونج اٹھا۔ جشن صرف دارالحکومت تک محدود نہ رہا بلکہ بارسلونا، سیویل، والنسیا، بلباؤ، ملاگا، زاراگوزا اور دیگر شہروں میں بھی ہزاروں افراد سڑکوں پر نکل آئے۔ عالمی میڈیا میں یہ کامیابی چھائی رہی ۔