کراچی(نیوز ڈیسک) امریکی حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ کچھ چینی کمپنیاں ایران کو خفیہ اسلحہ فروخت کی منصوبہ بندی کر رہی ہیں، اسلحہ ترسیل کو تیسرے ممالک کے ذریعے چھپانے کا منصوبہ ، چین امریکا تعلقات میں مزید کشیدگی کا خدشہ پیدا ہوگیا۔ نیویارک ٹائمز کے مطابق امریکی حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ بعض چینی کمپنیاں ایران کے ساتھ خفیہ طور پر اسلحے کی فروخت پر بات چیت کر رہی ہیں اور اس مقصد کے لیے ترسیل کو تیسرے ممالک کے ذریعے چھپانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ رپورٹ کے مطابق امریکی انٹیلی جنس کو معلومات ملی ہیں کہ چینی کمپنیوں اور ایرانی حکام کے درمیان اسلحے کی ممکنہ منتقلی پر رابطے ہوئے ہیں، تاہم یہ واضح نہیں کہ اسلحہ واقعی منتقل ہوا ہے یا نہیں۔ ذرائع کے مطابق ان ہتھیاروں میں ایسے جدید نظام بھی شامل ہو سکتے ہیں جو کم بلندی پر اڑنے والے طیاروں کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ چین کی جانب سے اس حوالے سے کسی سرکاری تصدیق یا ردعمل کا ذکر رپورٹ میں شامل نہیں کیا گیا۔