• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اخبار فروشوں کو حکومت سے سبسڈی لے کر دی جائے، ٹکا خان

اسلام آباد (نیوز ڈیسک)آل پاکستان اخبار فروش فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل ٹکا خان نے صدر اے پی این ایس سے کہا ہے کہ اخبار فروشوں کوحکومت سے سبسڈی لے کر دی جائے جبکہ اے پی این ایس کے صدر سینیٹر سرمد علی نے انہیں سینیٹ میں اخبار فروشوں کے مسائل کے حل کیلئے کردار ادا کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ تفصیلات کے مطابق آل پاکستان اخبار فروش فیڈریشن کا اجلاس اسلام آباد اخبار مارکیٹ میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں اے پی این ایس کے صدر سینیٹر سرمد علی اور جوائنٹ سیکرٹری محسن بلال عباسی نے شرکت کی اجلاس میں ملک بھر کے اخبار فروشوں کے مسائل کے حل کے لئے گفت و شنید ہوئی بالخصوص پٹرول کے موجودہ بحران کی وجہ سے پائی جانے والی بے چینی پر غور کیا گیا ۔ آل پاکستان اخبار فروش فیڈریشن کے عہدے داران مرکزی تاحیات سیکرٹری جنرل ٹکا خان ۔نامزد صدر حاجی اقبال نون، آل پاکستان اخبار فروش فیڈریشن کے چیئرمین چوہدری عاشق علی ،اخبار فروش یونین اسلام آباد کے صدر چوہدری محمد شریف، اخبار فروش یونین راولپنڈی کے صدر محمد شفیق ستی ،آل پاکستان اخبار فروش فیڈریشن صوبہ پنجاب کے صدر عقیل احمد عباسی، اخبار فروش یونین لاہور کے صدر چوہدری مشتاق علی، اخبار فروش یونین لاہور کے جنرل سیکرٹری رانا محمد یامین، اخبار فرو ش یونین لاہور کے سینئر نائب صدر ملک امتیاز ، اسلام آباد اخبار فروش یونین کے میزبان چوہدری اکبر اور چوہدری منیر نے شرکت کی۔ آل پاکستان اخبار فروش فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل ٹکا خان نے اے پی این ایس کے صدر سے گزارش کی کہ اس مہنگائی کے طوفان میں اخبار فروشوں کے مسائل کے حل کے لئے اے پی این ایس کو سوچنا ہوگا، یہ فوج جو اخبار فروشوں کی صورت میں اخباری صنعت کو میسر ہے اگر کام چھوڑ کر چلی گئی تو صنعت کے لئے مسائل کھڑے ہوں گے اخبار فروشوں کی معاونت کے لئے حکومت سے سبسڈی لے کر دی جائے۔
ملک بھر سے سے مزید