ملتان(سٹاف رپورٹر) انجمن تاجران تغلق روڈ کا اجلاس صدر شیخ محمد شفیق کی زیر صدارت منعقد ہواجس میں ملک کی مجموعی معاشی صورتحال، تاجروں کو درپیش مسائل، مہنگائی، لاک ڈاؤن اور تاجروں کی تنظیموں کے باہمی اختلافات پر تفصیلی غور کیا گیا،اجلاس میں تاجروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور حکومتی پالیسیوں پر شدید تحفظات کا اظہار کیا گیا،جلاس سے خطاب کرتے ہوئے صدر انجمن تاجران تغلق روڈ شیخ محمد شفیق نے کہا کہ حکومت کی جانب سے آئے روز پیٹرول، بجلی اور گیس کی قیمتوں میں اضافے نے عوام اور تاجروں کی زندگی اجیرن بنا دی ہے، مہنگائی کے مسلسل بڑھتے ہوئے طوفان نے تاجروں کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے جب کہ بازاروں میں ہو کا عالم ہے اور کاروباری سرگرمیاں شدید متاثر ہو رہی ہیں، انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت فوری طور پر مہنگائی پر قابو پانے کے لیے عملی اقدامات کرے اور تاجر برادری کو ریلیف فراہم کیا جائے،مقررین نے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر لاک ڈاؤن ختم کیا جائے اور تاجروں کو کاروبار کے لیے سازگار ماحول فراہم کیا جائے۔اجلاس کے اختتام پر تاجروں نے شیخ محمد شفیق کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ تاجروں کے حقوق اور مسائل کے حل کیلئے جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔