کراچی (اسٹاف رپورٹر)فاطمہ ثناء آئرلینڈ تین ملکی سیریز اورانگلینڈ میں ہونے والے آئی سی سی ویمنز ٹی20 ورلڈ کپ 2026 میں پاکستان ویمنز ٹیم کی قیادت کریں گی۔پاکستان ویمنز کے لیے آئرلینڈ میں تین ملکی سیریز 28 مئی سے 4 جون تک ڈبلن میں کھیلے گی۔تین ملکی سیریز میں پاکستان کے علاوہ میزبان آئرلینڈ اور ویسٹ انڈیز کی ٹیمیں بھی شریک ہوں گی۔آئرلینڈ تین ملکی سیریز پاکستان ویمنز ٹیم کے لیے آئی سی سی ویمنز ٹی20 ورلڈ کپ کی تیاری کا اہم موقع ہوگا۔پی سی بی کا کہنا ہے کہ ایمان فاطمہ، نتالیہ پرویز، رامین شمیم، سائرہ جبین اور تسمیہ رباب پہلی مرتبہ آئی سی سی ویمنز ٹی20 ورلڈ کپ میں شرکت کریں گی۔پاکستان ویمنز نے حال ہی میں کراچی میں زمبابوے کے خلاف ٹی20 سیریز میں 0-3 سے کلین سوئپ کیا تھا۔آئی سی سی ویمنز ٹی20 ورلڈ کپ سے قبل پاکستان ویمنز ٹیم 6 جون کو سری لنکا اور 9 جون کو اسکاٹ لینڈ کے خلاف وارم اپ میچز کھیلے گی۔پاکستان ویمنز ٹیم اپنے ورلڈ کپ سفر کا آغاز 14 جون کو برمنگھم میں روایتی حریف بھارت کے خلاف کرے گی۔پاکستان ویمنز ٹیم 17 جون کو جنوبی افریقا، 20 جون کو بنگلہ دیش اور 23 جون کو آسٹریلیا کے مدمقابل آئے گی۔پاکستان ویمنز ٹیم گروپ مرحلے کے اپنے آخری میچ میں 27 جون کو برسٹل میں نیدرلینڈز کا سامنا کرے گی۔پاکستان ویمنز ٹیم میں فاطمہ ثناء، عالیہ ریاض، عائشہ ظفر، ڈیانا بیگ، ایمان فاطمہ، گل فیروزہ، ارم جاوید، منیبہ علی صدیقی، نشرہ سندھو، نتالیہ پرویز، رمین شمیم، سعدیہ اقبال، سائرہ جبین، تسمیہ رباب اور طوبیٰ حسن شامل ہیں۔پاکستان ویمنز ٹیم کی ریزرو کھلاڑیوں میں امبر کائنات، مومنہ ریاست، صدف شمس، سدرہ امین، سیدہ عروب شاہ اور امِ ہانی شامل ہیں۔