• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جمالی پل کے قریب موٹر سائیکل سوار مسلح ملزمان کی پولیس موبائل پر فائرنگ، 2 اہلکار زخمی

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سپر ہائی وے جمالی پل کے قریب موٹرسائیکل سوار مسلح ملزمان نے پولیس موبائل پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 2 پولیس اہلکار زخمی ہوگئے ،تفصیلات کے مطابق سائٹ سپر ہائی وے تھانہ کی حدود سپر ہائی وے جمالی پل کے قریب موٹر سائیکل سوار مسلح ملزمان نے گشت پر مامور پولیس موبائل پر فائرنگ کر دی اور موقع سے فرار ہوگئے ،فائرنگ کے نتیجے میں 2 پولیس اہلکار کانسٹیبل کاشف اور کانسٹیبل جنسار زخمی ہو گئے، واقعے کے بعد زخمی پولیس اہلکاروں کو فوری طور پر عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا ،ترجمان ضلع شرقی پولیس کے مطابق ابتدائی طور پر معلوم ہوا ہے کہ ایس ایچ او تھانہ سائٹ سپر ہائی وے پولیس موبائل پر جوانوں کے ساتھ گشت پر موجود تھے، موٹر سائیکل پر سوار 2افراد کو مشکوک جان کر انہیں رکنے کا اشارہ کیا تو ملزمان نے پولیس پر فائرنگ کردی جس کے باعث دونوں جوان معمولی زخمی ہوئے ہیں، پولیس جوانوں کو بازائوں پر گولیاں لگیں ہیںجس سے وہ زخمی ہوئے، جنہیں طبی امداد مہیا کی گئی ہے۔تاہم واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔

شہر قائد/ شہر کی آواز سے مزید