کراچی(اسٹاف رپورٹر) ذی الحجہ کا چاند دیکھنے کے لیےمرکزی رؤیت ہلال کمیٹی پاکستان کا اجلاس اتوار17مئی کودفترمحکمہ موسمیات میٹ کمپلیکس مین یونیورسٹی روڈ گلستان جوہرکراچی میں چیئرمین مرکزی رویت کمیٹی پاکستان مولانا سید محمد عبد الخبیر آزاد چیئر مین کی زیر صدارت ہو گا۔ اجلاس میں رابطہ کے فرائض وزارت مذہبی اْمورپاکستان سے حافظ عبدالقدوس جبکہ فنی معاونت کے لیے محکمہ موسمیات سے ڈاکٹر حسن بیگ، محکمہ سپارکو سے شوکت اللہ خان، وزار تِ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی سے زین العا بدین اپنی خدمات سرانجام دیں گے، پورے ملک میں زونل کمیٹیو ں کے اجلاس ان کے متعلقہ ہیڈکوارٹرز اسلام آباد،لاہور،کوئٹہ،پشاورمیں منعقد کیے جائیں گے،اجلاس میں مرکزی و زونل رؤیت ہلال کمیٹی کراچی کے جو ارکان شریک ہوں گے ان میں ہیں مولاناحافظ عبدالغفور،مولانا یسین ظفر، صاحبزادہ سید حبیب اللہ چشتی،مفتی فضل جمیل رضوی،مفتی قاری مہر اللہ، مولانا عبدالمالک بروہی، مفتی علی اصغر عطاری،مفتی فیصل احمد،مفتی یوسف کشمیری،پیرسید شاہد علی جیلانی،مولانا اشرف علی، مولانا ا سد زکریا قاسمی،مفتی ضمیراحمد ساجد،مولانا عبدالرؤف مدنی اور زونل ممبران میں قاری محمد اقبال،حافظ محمد سلفی،مولانا مفتی صابر حسین،قاری نذیر احمد نعیمی و دیگر علماء کرام شریک ہوں گے، جس میں ماہ ذُوالحجہ ۷۴۴۱ھ کے چاند کی رؤیت کا فیصلہ کیا جائے گا۔ سپارکو کی پیشگوئی ہے کہ ذوالحجہ کا چاند 17 مئی کو نظر آنے کا امکان ہے اس طرح عیدالاضحی 27 مئی کو ہونے کی قوی توقع ہے۔