لاہور (آصف محمود بٹ)بنگلہ دیشی اعلیٰ سطح وفد کا سول سروسز اکیڈمی کے پاکستان ایڈمنسٹریٹو کیمپس کا دورہ، پاکستان بنگلہ دیش نالج کوریڈور پروگرام کے تحت تاریخی ادارہ جاتی روابط کی تجدید، گورننس ماڈلز سے متعلق تفصیلی بریفنگ، پاکستان اور بنگلا دیش کے درمیان انتظامی تعاون، گورننس اور ادارہ جاتی روابط کو فروغ دینے کے سلسلے میں بنگلا دیش کے سینئر سول سرونٹس پر مشتمل ایک اعلیٰ سطح وفد نے سول سروسز اکیڈمی لاہور کے پاکستان ایڈمنسٹریٹو کیمپس کا دورہ کیا جہاں انہیں پاکستان کے انتظامی ڈھانچے، گورننس ماڈلز اور تربیتی نظام سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی، افسران کو تحائف میں 1948ء سے 1972ء تک کے CSA بیچز کی تاریخی تصاویر پر مشتمل البمز ، کتب، سوینئرز پیش۔ یہ دورہ پاکستان۔بنگلہ دیش نالج کوریڈور پروگرام کا حصہ تھا جس کے تحت وفد نے اس سے قبل سول سروسز اکیڈمی کے والٹن کیمپس میں بھی مختلف تربیتی اور تعلیمی سرگرمیوں میں شرکت کی تھی۔ حکام کے مطابق اس پروگرام کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان ادارہ جاتی تعاون، انتظامی مہارتوں کے تبادلے، گورننس میں اشتراک اور تاریخی روابط کی بحالی کو فروغ دینا ہے۔ بنگلہ دیشی وفد کا استقبال ڈائریکٹر جنرل سول سروسز اکیڈمی فرحان عزیز خواجہ، ایڈیشنل ڈائریکٹر PAS عثمان علی اور ایڈیشنل ڈائریکٹر MCMC نازیہ جبین نے کیا، جبکہ اکیڈمی کے سینئر فیکلٹی ارکان اور افسران بھی مختلف سیشنز میں شریک ہوئے۔تفصیلی بریفنگ سیشنز کے دوران بنگلہ دیشی افسران کو پاکستان کے ضلعی نظامِ حکومت، فیلڈ ایڈمنسٹریشن، عوامی خدمات کی فراہمی کے نظام اور سول سروسز اکیڈمی کے پائیدار ترقی پر مبنی تربیتی فلسفے سے آگاہ کیا گیا۔ وفد کو ’’لرننگ تھرو امَرشن‘‘ کے تصور سے بھی متعارف کرایا گیا، جس کے تحت افسران کو تعلیمی تربیت کے ساتھ عملی فیلڈ تجربات بھی فراہم کیے جاتے ہیں۔