اسلام آباد (عاصم جاوید) پی ٹی آئی کا حکومت پر انمول عرف پنکی کو سیاسی مقاصد کیلئے استعمال کرنیکا الزام ،تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم نے حکومتی اتحاد پر جمہوری اقدار، انسانی حقوق اور عوامی فلاح کے خلاف اقدامات کا الزام عائد کرتے ہوئے قومی اسمبلی اور سینیٹ میں متحدہ اپوزیشن کے مؤقف کی مکمل حمایت کا اعلان کیا ہے اپنے بیان میں انہوں نے خبردار کیا کہ اگر حکومت نے اپنا رویہ تبدیل نہ کیا تو اپوزیشن پی ٹی آئی کی حمایت سے دوبارہ ملک گیر احتجاج شروع کرنے پر مجبور ہو گی۔ شیخ وقاص اکرم نے حکومت کے اس دعوے کو مسترد کر دیا کہ عمران خان کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ پی ٹی آئی رہنما نے حکومت پر ایک مبینہ منشیات فروش انمول عرف پنکی کو سیاسی مقاصد کیلئے استعمال کرنے کا الزام بھی عائد کیا۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی مخالفین کے خلاف مقدمات بنانے کیلئے ایک مبینہ منشیات فروش کو استعمال کرنا حکومت کی ناکامی اور سیاسی انتقام کا ثبوت ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اس معاملے کی آزادانہ تحقیقات کرائی جائیں تاکہ اصل حقائق سامنے آ سکیں۔