لاہور(شوبز رپورٹر) پاکستان کے ممتاز دانشور، سینئر صحافی، کالم نگار اور ماہنامہ اردو ڈائجسٹ کے مدیرِ اعلیٰ الطاف حسن قریشی انتقال کر گئے انکی نمازِ جنازہ آج اتوار 17 مئی کو نمازِ ظہر کے بعد دوپہر ڈیڑھ بجے جامعہ اشرفیہ فیروزپور روڈ لاہور میں ادا کی جائے گی، الطاف حسن قریشی پاکستان میں نظریاتی صحافت، فکری مباحث اور قومی موضوعات پر اپنی منفرد تحریروں کے باعث ایک نمایاں مقام رکھتے تھے، انہوں نے ماہنامہ اردو ڈائجسٹ کے ذریعے کئی دہائیوں تک صحافت اور ادب کے میدان میں گراں قدر خدمات انجام دیں، ان کی تحریروں نے نہ صرف صحافتی دنیا بلکہ نوجوان نسل کی فکری تربیت میں بھی اہم کردار ادا کیا، صحافتی و ادبی شخصیات اور مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے ان کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے الطاف حسن قریشی کے انتقال پر اظہار افسوس کیا ہے۔وزیرِ اعظم نے الطاف حسن قریشی کیلئے دعائے مغفرت اور انکے اہل خانہ کیلئے صبر کی دعا کی ہے۔ وزیر اعظم نے کہا ہے کہ الطاف حسن قریشی کے انتقال سے صحافت کے شعبے میں ایسا خلاء پیدا ہوگیا ہے جو شاید ہی کبھی پُر ہوسکے۔ آل پاکستان نیوز پیپرز سوسائٹی (اے پی این ایس) نے ممتاز مدیر، دانشور اور سینئر صحافی، اردو ڈائجسٹ کے چیف ایڈیٹر الطاف حسن قریشی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔اے پی این ایس کے صدر سینیٹر سرمد علی اور سیکریٹری جنرل محمد اطہر قاضی نے مشترکہ بیان میں مرحوم الطاف حسن قریشی کو اردو صحافت کی نہایت باوقار اور بااثر شخصیت قرار دیتے ہوئے کہا کہ صحافت اور فکری مباحث میں ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔