کراچی (اسٹاف رپورٹر)قائم مقام امیر جماعت اسلامی کراچی و اپوزیشن لیڈر کے ایم سی سیف الدین ایڈووکیٹ نے ٹاؤن میونسپل کارپوریشن ماڈل کالونی کے تحت امیر جماعت اسلامی ضلع ایئرپورٹ محمد اشرف، قائم مقام ٹاؤن چیئرمین ماڈل کالونی فیصل باسط،چیئرمین یوسی 1ماڈل کالونی توفیق الدین صدیقی کے ہمراہ 9C ماڈل بازار میں پیوربلاکس سڑک کی تعمیر کا افتتاح پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی کی تباہی، بدانتظامی اور وسائل کی لوٹ مار کی ذمہ دار پیپلزپارٹی عوام کے سامنے بے نقاب ہوچکی ہے، انہوں نے جناح ٹاؤن کے تحت الحاج شیر محمد مغل پارک اور عائشہ عزیز روڈ کا افتتاح بھی کیا ، سیف الدین ایڈووکیٹ نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی شہر کو دوبارہ ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے عملی جدوجہد کر رہی ہے، جبکہ برسوں سے اقتدار پر قابض پیپلزپارٹی نے کراچی کو بنیادی سہولتوں سے محروم کردیا ہے،عوام نے جماعت اسلامی کے نمائندوں سے جو امیدیں وابستہ کی تھیں وہ ان پر پورا اتر رہے ہیں، 2005ء میں نعمت اللہ خان نے کراچی میں ترقی کا جو سفر شروع کیا تھا جماعت اسلامی آج اسی مشن کو آگے بڑھا رہی ہے، کراچی میں بڑے پل، شاہراہیں اور انفرااسٹرکچر کے اہم منصوبے انہی کے دور کی یادگار ہیں۔پیپلزپارٹی کی صوبائی حکومت نے بلدیاتی اداروں کے اختیارات سلب کرکے تمام اہم محکمے اپنے قبضے میں لے رکھے ہیں۔