کوئٹہ ( آن لائن) ہائی کورٹ بلوچستان کے احکامات کی روشنی اور وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز احمد بگٹی کی ہدایت پر میں ضلعی انتظامیہ کوئٹہ نے غیر قانونی کرش پلانٹس کے خلاف کارروائیوں کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے کچلاک اور مغربی بائپاس کے مختلف علاقوں میں بڑے پیمانے پر کریک ڈان کیا۔ ان کارروائیوں کے دوران مجموعی طور پر 5 غیر قانونی کرش پلانٹس کو سیل جبکہ 6 افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔ضلعی انتظامیہ کے مطابق غیر قانونی کرش پلانٹس ماحولیاتی آلودگی، انسانی صحت کو لاحق خطرات اور سرکاری قوانین کی خلاف ورزی کا سبب بن رہے تھے، جن کے خلاف ہائی کورٹ کی ہدایات پر سخت اقدامات کیے جا رہے ہیں۔اس سلسلے میں اسسٹنٹ کمشنر کچلاک کیپٹن (ر) کبیر مزاری نے اپنی ٹیم کے ہمراہ کچلاک کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کیں۔ کارروائیوں کے دوران 2 غیر قانونی کرش پلانٹس کو سیل کیا گیا جبکہ موقع پر موجود 2 افراد کو گرفتار کرکے متعلقہ تھانے منتقل کردیا گیا۔ انتظامیہ نے پلانٹس میں استعمال ہونے والی مشینری اور دیگر سامان کا بھی جائزہ لیا۔دوسری جانب اسسٹنٹ کمشنر سریاب مصور احمد اچکزئی نے مغربی بائپاس کے علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے 3 غیر قانونی کرش پلانٹس کو سیل کردیا۔ کارروائی کے دوران 4 افراد کو گرفتار بھی کیا گیا۔ انتظامیہ کے مطابق مذکورہ پلانٹس بغیر اجازت اور قانونی تقاضے پورے کیے بغیر چلائے جا رہے تھے۔ضلعی انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ غیر قانونی کاروبار، ماحولیاتی آلودگی اور عدالتی احکامات کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔