کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)کوئٹہ بار ایسوسی ایشن کے صدر اورنگزیب کاکڑ ایڈووکیٹ،جنرل سیکریٹری میر فہد مینگل ایڈووکیٹ اور دیگر کابینہ اراکین نے عنایت اللہ مرغزانی ایڈووکیٹ کے خلاف ناجائز، غیرقانونی اور بدنیتی پر مبنی ایف آئی آر کے اندراج کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے ایک سینئر وکیل کے خلاف بلاجواز اور غیرقانونی کارروائی نہ صرف وکلاء برادری بلکہ قانون کی بالادستی اور انصاف کے نظام پر بھی حملہ ہے۔ایک بیان میں انہوں نے بلوچستان میں امن وامان کی خراب صورتحال اور انتظامیہ کی جانب سے اختیار کئے گئے غیر موثر و غیر ذمہ دارانہ اقدامات پر بھی شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ وکلاء برادری کا موقف ہےکہ مسائل کے حل کے لئے طاقت اور دباؤ کے بجائے قانون، آئین اور مذاکرات کے راستے کو اختیار کیا جائے۔ ہم متعلقہ حکام سے مطالبہ کرتے ہیں کہ فوری طور پر عنایت اللہ مرغزانی ایڈووکیٹ کے خلاف درج ناجائز ایف آئی آر واپس لیا جائے اور بلوچستان میں حالات کی بہتری کے لیے سنجیدہ و مؤثر اقدامات اٹھائیں جائیں۔ بصورت دیگر احتجاجی تحریک، عدالتوں سے علامتی بائیکاٹ اور شدید احتجاج کا حق محفوظ رکھتی ہے، جس کی تمام تر ذمہ داری متعلقہ انتظامیہ پر عائد ہوگی۔