• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

باجوڑ میں پولیو ٹیموں کی سیکورٹی پر مامور دو پولیس اہلکار شہید، علاقائی عمائدین کا مہم کا بائیکاٹ کا اعلان

باجوڑ(حاجی حبیب اللہ ) باجوڑ میں پولیو ٹیموں کی سیکیورٹی پر مامور دو پولیس اہلکار شہید ہوگئے، علاقائی مشران(عمائدین) نے پولیو مہم سے بائیکاٹ کا اعلان کردیا ۔ ایک حملہ ڈاگ قلعہ نازکئی میں اوردوسراگاؤں تبئی میں کیا گیا، نماز جنازہ میں ڈپٹی کمشنر باجوڑ حکام کی شرکت ، سرکاری اعزاز کےساتھ آبائی علا قوںمیں سپرد خاک،انسدادِ پولیو مہم کے پہلے ہی روز تحصیل سلارزئی کے مختلف علاقوں میں پولیو ٹیموں کی سیکیورٹی پر مامور پولیس اہلکاروں پر گھات لگا کر 2حملے کیے گئے، جس کے نتیجے میں دو پولیس کانسٹیبل شہید ہو گئے۔پولیس ذرائع کے مطابق پہلا حملہ تحصیل سلارزئی کے علاقے ڈاگ قلعہ نازکئی میں کیا گیا جہاں پولیو ٹیم کی سیکیورٹی پر مامور کانسٹیبل سید عزیز کو نامعلوم افراد نے نشانہ بنایا، جو موقع پر ہی شہید ہوگئے۔ پولیس اس واقعے کی تحقیقات اور سرچ آپریشن میں مصروف تھی کہ اسی دوران تحصیل سلارزئی کے گاؤں تبئی میں پولیو ٹیم پر دوسرا حملہ کر دیا گیا۔پولیس کے مطابق دوسرے واقعے میں پولیو ڈیوٹی سے واپس آنے والے کانسٹیبل سید قادر شاہ نامعلوم افراد کی اندھا دھند فائرنگ کا نشانہ بنے اور شدید زخمی ہونے کے بعد دم توڑ گئے۔ دونوں شہید اہلکاروں کی نعشیں باجوڑ پولیس لائنز منتقل کر دی گئیں۔بعد ازاں پولیو ڈیوٹی کے دوران شہید ہونے والے دونوں پولیس اہلکاروں کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی۔ نماز جنازہ میں ڈپٹی کمشنر باجوڑ شاہد علی، ڈی پی او باجوڑ محمد خالد، پولیس اور سیکیورٹی اہلکاروں سمیت مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔نماز جنازہ کے موقع پر رقت آمیز مناظر دیکھنے کو ملے۔

ملک بھر سے سے مزید