کراچی (اسٹاف رپورٹر) سپر ہائی وے تیز رفتار ٹریلر نے بے قابو ہوکر پولیس موبائل کو ٹکر ماردی جس کے نتیجے میں پولیس موبائل پر موجود سب انسپکٹر سمیت 2اہلکار شہید ہوگئے،تفصیلات کے مطابق گڈاپ سٹی تھانہ کی حدود مین سپر ہائی ایم 9 موٹر وے حید رآباد سے کراچی کی طرف آنے والی سڑک پر چکوال پیٹرول پمپ کے قریب پیر کی علیٰ الصبح تیز رفتار ٹرالر نے بے قابو ہوکر ڈیوٹی پر موجود پولیس موبائل کو ٹکر ماردی جس کے نتیجے میں موبائل آفیسر سب انسپکٹرصاحب خان اور پولیس کانسٹیبل واجد شہید ہوگئے،حادثہ کے بعد ذمہ دار ڈرائیور شہاب الدین ٹریلر سمیت موقع سے فرار ہوگیا ،بعد ازاں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے حادثہ کے ذمہ دار ڈرائیور کو گرفتار کرکے ٹریلر کو قبضے میں لے لیا ،حادثہ کی اطلاع پر پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچی اور ریسکیو ایمبولنس کے ذریعہ حادثہ میں شہید دونوں پولیس اہلکاروں کی لاشیں عباسی شہید اسپتال منتقل کیں،ایس ایچ او گلزار حسین تنیو نے بتایا ہے کہ پیر کو علیٰ الصبح5 بجکر 40 منٹ پر پولیس کی موبائل نمبر SPC-536ایم 9موٹر وے پر اسنیپ چیکنگ پر تعینات تھی،موبائل آفیسرسب انسپکٹر صاحب خان پولیس اہلکاروں پی سی پروارش اور ڈی پی سی واجد کے ہمراہ اپنے فرائض کی انجام دہی میں مصروف تھے،دوران ڈیوٹی تیز رفتار 22وہیلر ٹرالرنمبری TMJ-944نےبے قابو ہوکر پولیس موبائل کو ٹکر ماردی جسے نتیجے میں دونوں پولیس اہلکار موقع پر شہید ہوگئے،پولیس نے حادثہ کے ذمہ دار ٹرالر ڈرئیور کو گرفتار کرلیا۔