کراچی (ٹی وی رپورٹ) وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ بھارتی آرمی چیف جنگ میں اپنی خفت مٹانے کے لئے ایسے بیانات دے رہا ہے۔ بھارت نے دوبارہ للکارا تو بھارت کا جغرافیہ بدل کر اسے تاریخ کا حصہ بنادیں گے، سندھ طاس معاہدے میں مکینزم موجود ہے کہ اختلافات کس طرح حل کئے جائیں گے۔ وہ جیو نیوز کے پروگرام ’’کیپٹل ٹاک‘‘ میں میزبان حامد میر سے گفتگو کررہے تھے۔ تفصیلات کے مطابق جیو نیوز کےپروگرام ”کیپٹل ٹاک“میں خطے کی بدلتی ہوئی سیاسی و سکیورٹی صورتحال پر اہم تجزیہ پیش کیا گیا۔ پروگرام میں امریکا اور ایران کے درمیان ممکنہ کشیدگی، بھارت کے آرمی چیف کے حالیہ بیانات، اسرائیل اور بھارت کے پاکستان مخالف عزائم، اور خیبر پختونخوا و بلوچستان میں بڑھتی ہوئی دہشت گردی کے عوامل پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا کہ افغانستان میں اس وقت جو لوگ برسراقتدار ہیں ان کا بھارت کے ساتھ گٹھ جوڑ ہے۔بطور وزیر دفاع کرزئی، اشرف غنی اور افغان طالبان سے ملاقات ہوئی۔افغانستان کے ساتھ بات چیت کے ذریعے کوشش کرکے دیکھ لی ہے۔ملا عمر کے بیٹے ملا یعقوب سے قطر میں ملاقات ہوئی تھی۔ملا یعقوب کو کہا کہ ہم اور کچھ نہیں چاہتے بس یہ چاہتے ہیں کہ ہمارے دشمنوں کو پناہ نہ دیں۔