کراچی (اسٹاف رپورٹر) تاجر برادری کو عزت اور جانی و مالی تحفظ دیا جائے،آفاق احمد۔ تاجر برادری معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کا کردار ادا کرتی ہے،بجٹ بھی انکے ٹیکسوں سے بنتا ہے،صدر صرافہ بازار کا دورہ۔ تفصیلات کے مطابق مہاجر قومی موومنٹ (پاکستان) کے چیئر مین آفاق احمد نے گزشتہ دنوں حساس ادارے کی جانب سے صرافہ بازار میں تاجر برادری کے ساتھ کئے جانے والے تضحیک آمیز سلوک اور بیٹے کے سامنے تاجرباپ پر تشدد کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے،پیر کوآفاق احمد نےصرافہ بازار صدر کا دورہ کیا جہاں تاجر برادری سمیت عوام کی بڑی تعداد میں جمع ہوگئی اور آفاق احمد کے حق میں نعرے لگائے ،آفاق احمد نے کہا کہ تاجر برادری ملک کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کا کردار ادا کرتی ہے جبکہ ملک کا بجٹ بھی تاجر برادری کے ٹیکسوں سے ہی بنتا ہے انھیں عزت اور جانی و مالی تحفظ دیا جائے تاکہ وہ اپنا سرمایہ ملک سے باہر لیجانے کے بجائے ملک کو مضبوط کرنے میں اپنا کردار ادا کرسکیں۔