اسلام آباد ( نیوز رپورٹر)وزیراعظم محمد شہباز شریف کا قطر کے وزیراعظم و وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمن الثانی سے ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہےجبکہ شہباز شریف نے متحدہ عرب امارات میں براکہ جوہری پاورپلانٹ پر ڈرون حملے کی شدید مذمت کی ہے‘ادھر نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈارسے سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی نے ملاقات کی جبکہ اسحاق ڈارکی قطری وزیرمملکت برائے خارجہ امور محمد بن عبدالعزیز الخلیفی سے ٹیلیفون پر بات چیت ہوئی ہے ۔تفصیلات کے مطابق شہباز شریف اورقطری وزیراعظم کی گفتگو کے دوران دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعاون اور مشرقِ وسطیٰ کی بدلتی ہوئی صورتحال پر تبادلۂ خیال کیا جس میں پاکستان کی قیادت میں جاری امن کوششوں پر خصوصی توجہ مرکوز رہی۔وزیراعظم نے پاکستان کے امن اقدام کی حمایت پر قطر کاتہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان تنازع کے پُرامن حل کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری کے ذریعے اپنی بھرپور کوششیں جاری رکھے گا۔ اس ضمن میں دونوں رہنماؤں نے جنگ بندی کو برقرار رکھنے، مزید کشیدگی سے گریز کرنے اور خطے میں امن و استحکام کی بحالی کے لیے بین الاقوامی کوششوں کے تسلسل کی اہمیت پر زور دیا۔