اسلام آ باد ( رانا غلام قادر ، نیوز رپورٹر)وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت تیز رفتار معاشی ترقی اور ڈیجیٹل تبدیلی کے وژن پر عمل پیرا ہے ، وزیر اعظم سے فریڈم ہولڈنگ کارپوریشن کے بانی، چیئرمین اور چیف ایگزیکٹو آفیسر تیمور تورلوف نے گزشتہ روزاسلام آباد میں ملاقات کی،ملاقات کے دوران وزیرِاعظم نے تورلوف کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہا اور قازقستان کے صدر قاسم جومارت توقایوف کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا،وزیراعظم سے ایشیائی انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک کی صدر زو جیا یی (Zou Jiyai) نے بھی وفد کے ہمراہ ملاقات کی۔ وزیرِاعظم نے پاکستان میں کاروباری سرگرمیوں کے فروغ، بشمول فریڈم گروپ کی شاخوں کے قیام، ڈیجیٹل مالیاتی خدمات اور کورسپانڈنٹ بینکاری شراکت داریوں میں گہری دلچسپی ظاہر کرنے پر تورلوف کا شکریہ ادا کیا۔وزیرِاعظم نے اس موقع پر حکومت کے مضبوط اقتصادی اصلاحاتی ایجنڈے اور سرمایہ کار دوست پالیسیوں کے عزم کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ حکومت تیز رفتار معاشی ترقی اور ڈیجیٹل تبدیلی کے وژن پر عمل پیرا ہے۔