اسلام آباد(رپورٹ:،رانامسعود حسین ) ملک بھر میں نافذ پیٹرولیم لیوی نظام اور حال ہی میں متعارف کروائی گئی "کلائمیٹ سپورٹ لیوی" کو وفاقی آئینی عدالت میں چیلنج کر دیا گیا ہے، درخواست گزار ،وامیر جماعت اسلامی،حافظ نعیم الرحمن نے عمران شفیق ایڈوکیٹ کے توسط دائر کی گئی آئینی درخواست میں حکومت کے مالیاتی اقدامات کو آئین ، پارلیمانی بالادستی اور بنیادی انسانی حقوق کے منافی قرار دیتے ہوئے عدالت سے عوام کو اس معاشی استحصال سے نجات دلانے کے لیے درج ذیل استدعائیں کی ہیں، عدالت بنیادی انسانی حقوق کے تحفظ کے لیے اپنے عدالتی نظرِ ثانی کے اختیار کو بروئے کار لائے، پیٹرولیم لیوی پر پارلیمانی نگرانی اور قانونی حدیں دوبارہ بحال کی جائیں، فنانس ایکٹ 2025 کی دفعہ 3 اور اس کے تحت حکومت کو حاصل غیر محدود اختیارات کو آئین سے متصادم قرار دیا جائے، پیٹرولیم لیوی کو اصل حقیقت کے مطابق "ٹیکس" قرار دے کر آئین سے متصادم ہونے کی بنا پر کالعدم کیا جائے۔