• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امریکا، ایران بیک ڈور سفارت کاری؛ دونوں ممالک پیچھے ہٹنے کو تیار نہیں، شاہ زیب خانزادہ

کراچی (نیوز ڈیسک) جیو نیوز کے پروگرام ”آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ“میں میزبان شاہزیب خانزادہ نے اپنے تجزیے میں کہا ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان بیک ڈور سفارت کاری جاری ہونے کے باوجود دونوں ممالک اپنے بنیادی مؤقف سے پیچھے ہٹنے کو تیار نہیں۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو سخت پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ تہران جلد جواب دے، بصورت دیگر پہلے سے زیادہ سخت کارروائی ہوسکتی ہے۔ دوسری جانب ایرانی ترجمان اسماعیل بقائی کا کہنا ہے کہ ایران نے امریکی خدشات کے جواب میں اپنا نیا مؤقف اور تجاویز پیش کردی ہیں۔ ایرانی میڈیا رپورٹس کے مطابق تہران نے ترمیم شدہ 14 نکاتی مسودہ دوبارہ پاکستان کے حوالے کردیا ہے، جسے سفارتی ذرائع انتہائی اہم پیش رفت قرار دے رہے ہیں۔پروگرام میں بتایا گیا کہ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایران کا غیر معمولی اور اہم دورہ مکمل کیا، جہاں انہوں نے ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی سے متعدد ملاقاتیں کیں۔ ذرائع کے مطابق ان ملاقاتوں میں امریکا اور ایران کے درمیان تجاویز کے تبادلے اور ممکنہ سفارتی راستوں پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔شاہزیب خانزادہ نے اپنے تجزیے میں مزید کہا کہ خطے میں کشیدگی صرف ایران اور امریکا تک محدود نہیں رہی بلکہ خلیجی ممالک بھی اس کے اثرات سے متاثر ہورہے ہیں۔
اہم خبریں سے مزید