اسلام آباد (خالد مصطفیٰ) ٹرمپ کی ایران کو دھمکی سے عالمی منڈیاں لرز اٹھیں، تیل 111 ڈالر سے متجاوز، اسٹاک مارکیٹ کریش، مہنگائی کے خدشات کے سائے منڈلانے لگے۔ تفصیلات کے مطابق عالمی منڈیوں میں پیر کے روز کاروباری ہفتے کا آغاز شدید بے یقینی اور خوف کی فضا میں ہوا کیونکہ خام تیل کی قیمتیں 111 ڈالر فی بیرل سے تجاوز کر گئیں، بڑی معیشتوں میں افراط زر کے خدشات مزید گہرے ہو گئے، اور سرمایہ کاروں نے حصص دھڑا دھڑ فروخت کرنا شروع کر دیے۔ اس سنگین صورتحال کی وجہ آبنائے ہرمز کے آس پاس بڑھتی ہوئی کشیدگی ہے، جس کے بارے میں خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ یہ دنیا کو توانائی کے ایک نئے شدید بحران سے دوچار کر سکتی ہے۔ مارکیٹ میں اس تازہ ترین بے یقینی اور خوف کی وجہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے اتوار کے روز ایران کو دی جانے والی وہ سخت وارننگ ہے جس میں انہوں نے کہا تھا کہ ایران کو تیزی سے امن معاہدے کی طرف بڑھنا چاہیے ورنہ ’’ان کا نام و نشان تک باقی نہیں رہے گا‘‘۔