اسلام آ باد ( رانا غلام قادر ) وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ بہتر کارکردگی والی وزارتوں کو ترقیاتی منصوبوں کیلئے ترجیحی بنیادوں پر بجٹ فراہم کیا جائے گا،ایسے ترقیاتی منصوبوں میں عوام کا پیسہ لگائیں گے جن کے نتائج یقینی ہوں،پانی کے ذخائر اور پن بجلی کے منصوبے ترقیاتی بجٹ خرچ کرنے کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔وزیرِ اعظم نے ان خیا لا ت کا اظہار اپنی زیر صدارت رواں برس کے ترقیاتی بجٹ اور آئندہ مالی سال کبلئے ترقیاتی بجٹ (PSDP) کے منصوبوں پر منعقدہ جائزہ اجلاس کے دوران کیا ۔وزیر اعظم نے ہدایت دی کہ ترقیاتی منصوبوں میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کی زیادہ سے زیادہ حوصلہ افزائی کی جائے۔وزیر اعظم نے کہا کہ پانی کے ذخائر کو بڑھانے کے منصوبوں کو ترجیح دی جائے گی۔اجلاس میں رواں برس کے پی ایس ڈی پی پر جائزہ اور آئندہ برس کے مجوزہ ترقیاتی منصوبوں اور ان کے لئے درکار فنڈز پر تفصیلات سے آگاہ کیا گیا۔اجلاس کو قومی نوعیت کے پانی ذخیرہ و پن بجلی کے منصوبوں بشمول داسو، دیامر بھاشا اور مہمند ڈیمز کی تعمیر پر پیش رفت سے بھی آگاہ کیا گیا۔وزیرِ اعظم نے پانڈا بانڈز کے کامیاب اجراء اور اسکی مارکیٹ میں پزیرائی پر وزیرِ خزانہ کی تعریف کی۔اجلاس میں وزیرِ اعظم کی ریلوے، آئی ٹی اور وزارت پاور کی کارکردگی کی تعریف کی۔