اسلام آباد(طاہر خلیل) قومی اسمبلی کی جانب سے پاکستان اور چین کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ کے موقع پر 20 تا 21 مئی اسلام آباد میں چین کی نیشنل پیپلز کانگریس (NPC) کی قائمہ کمیٹی کے نائب چیئرمین چائی ڈافینگ کی قیادت میں ایک اعلیٰ سطح چینی پارلیمانی وفد کی میزبانی کی جائے گی۔ یہ دورہ اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق اور ڈپٹی اسپیکر سید غلام مصطفیٰ شاہ کی خصوصی دعوت پر منعقد ہو رہا ہے۔یہ دورہ ایسے اہم وقت میں ہو رہا ہے جب عالمی سطح پر اور خاص طور پر خطے میں متعدد چیلنجز درپیش ہیں، اور یہ پاکستان و چین کے عالمی امن کے فروغ کے مشترکہ وژن کی عکاسی کرتا ہے۔ یہ پاک-چین آل ویدر اسٹریٹجک کوآپریٹو پارٹنرشپ کی پائیدار مضبوطی کو ظاہر کرتا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان پارلیمانی روابط، باہمی تعاون اور عوامی سطح پر تعلقات کو مزید وسعت دینے کے مشترکہ عزم کو اجاگر کرتا ہے۔