کراچی(جنگ نیوز) جیو فلمز اور فلم والا پکچرز کی پیشکش، عیدالاضحی پر ریلیز ہونے والی نئی فلم ”زومبیڈ“ کے مرکزی کرداروں نے کہا ہے کہ یہ فلم پاکستانی ثقافت اور مقامی رنگوں کی بھرپور عکاسی کرے گی، شلوار قمیض پہنے دیسی زومبیز فلم کا حصہ ہیں۔”جیو ڈیجیٹل“ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے معروف اداکار فہد مصطفی نے کہا کہ ”زومبیڈ“ صرف ایک ہارر اور ایڈونچر سے بھر پور فلم نہیں بلکہ پاکستان کی نمائندہ فلم ہے، جس میں سندھی، پنجابی اور پشتون سمیت ہر طرح کے زومبیز دیکھنے کو ملیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی منی پاکستان ہے اور فلم میں بھی اس کے رنگ نظر آئیں گے۔ فہد مصطفی کا مزید کہنا تھا کہ اداکارہ مہوش حیات کا کردار فلم کو دیگر فلموں سے مختلف بنادے گا۔ انہوں نے بتایا جس فلم میں سنجیدگی نہ ہو اس کا لطف باقی نہیں رہتا، اگر لوگ زومبیز کو دیکھ کر خوف محسوس نہ کریں تو پھر کہانی کا مقصد ختم ہوجاتا ہے۔