لاہور (نیوزرپورٹر) اداکارہ مومنہ اقبال کی درخواست پر نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے باضابطہ قانونی کارروائی کا آغاز کرتے ہوئے ایم پی اے ثاقب چدھڑ اور ان کی اہلیہ سمیرا خان کو طلب کرلیا ہے۔پاکستانی اداکارہ مومنہ اقبال کی جانب سے ہراسانی اور سائبر بُلنگ کے سنگین الزامات سامنے آنے کے بعد معاملے میں اہم پیشرفت ہوئی ہے۔ذرائع کے مطابق این سی سی آئی اے نے دونوں افراد کو 22 مئی بروز جمعہ پیش ہونے کی ہدایت جاری کی ہے، اداکارہ مومنہ اقبال نے اپنی درخواست میں الزام عائد کیا تھا کہ انہیں ایک بااثر سیاسی شخصیت کی جانب سے طویل عرصے سے آن لائن ہراسانی، سائبر بُلنگ، ذہنی دباؤ اور جان سے مارنے کی دھمکیوں کا سامنا ہے۔اداکارہ نے گزشتہ روز انسٹاگرام سٹوری پر ایک تفصیلی بیان جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ انہوں نے اس معاملے کی متعدد بار این سی سی آئی اے، ایف آئی اے اور پنجاب پولیس کو شکایات درج کروائیں۔