کراچی(سید محمد عسکری)ہائر ایجوکیشن کمیشن کے چیرمین ڈاکٹر نیاز احمد نے ملک بھر کی جامعات میں قائم بزنس انکیوبیشن سینٹرز (BICs) کی کارکردگی اور افادیت کا جائزہ لینے کے لیے ایک اعلیٰ سطح کی ٹاسک فورس قائم کردی ہے۔ اس سلسلے میں جاری نوٹیفکیشن کے مطابق سابق چیئرمین ایچ ای سی ڈاکٹر جاوید آر لغاری کو ٹاسک فورس کا کنوینر مقرر کیا گیا ہےجب کہڈپٹی ڈائریکٹر، ریسرچ اینڈ انوویشن ڈویژن، ایچ ای سی سیکریٹری ہوں گے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق ٹاسک فورس میں کارپوریٹ، وینچر کیپیٹل، انٹرپرینیورشپ اور اعلیٰ تعلیم کے شعبوں سے تعلق رکھنے والی نمایاں شخصیات کو شامل کیا گیا ہے۔ ارکان میں پاکستان مرکنٹائل ایکسچینج لمیٹڈ کے سی ای او خرم ظفر، زین وینچر کیپیٹل کے بانی اور سی ای او فیصل آفتاب، انڈس ویلی کیپیٹل کے بانی عاطف اعوان، صحت کہانی کی سی ای او ڈاکٹر سارہ سعید خرم اور نیشنل انکیوبیشن سینٹر اسلام آباد کے پراجیکٹ ڈائریکٹر سید احمد مسعود شامل ہیں۔ ٹاسک فورس میں مختلف جامعات کے وائس چانسلرز یا ان کے نامزد نمائندوں اور بزنس انکیوبیشن سینٹرز کے سربراہان کو بھی شامل کیا گیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق ٹاسک فورس موجودہ پالیسی فریم ورک، فنڈنگ ماڈل، احتسابی نظام، صنعت و جامعہ روابط، اسٹارٹ اپس کی معاونت اور کمرشلائزیشن سرگرمیوں کا جائزہ لے کر بہتری کے لیے سفارشات مرتب کرے گی۔ نمایاں اراکین میں خرم ظفر، فیصل شرجان، فیصل آفتاب، عاطف اعوان، ڈاکٹر زین العابدین، سید احمد مسعود، ذوالفقار قاضی باش، ڈاکٹر سارہ سعید خرم، محمد مرتضیٰ نور، ڈاکٹر ایرم عباسی اور دیگر شامل ہیں۔