کراچی (مطلوب حسین)بینکوں سے بھاری رقم لیکر نکلنے والے شہریوں کے لئے پولیس سیکیورٹی کا اعلان، لوٹ مار کی بڑھتی وارداتوں کی روک تھام کے لئے سندھ پولیس کا اقدام، بینرز آویزاں، شہریوں کو رابطے کی ہدایت،بینکوں سے بھاری رقم لیکر نکلنے والے شہریوں کے لئے پولیس سیکیورٹی فراہم کرنے کے اعلان کے باوجود شہری پولیس سیکیورٹی نہیں لے رہےجو پولیس پر عدم اعتماد کی واضح دلیل ہے۔تفصیلات کے مطابق شہر میں بینکوں سے رقم لیکر نکلنے والے شہریوں سے لوٹ مار کی بڑھتی وارداتوں کی روک تھام کے لئے سندھ پولیس کی جانب سے بینکوں سے بھاری رقوم لیکر نکلنے والے شہریوں کے لئے پولیس سیکیورٹی فراہم کرنے کا اعلان کیا گیا ہے، مختلف اسٹیشن پولیس آفیسرز (ایس ایچ اوز) کی جانب سے بینکوں سے رقم لیکر نکلنے والے شہریوں کوپولیس سیکیورٹی فراہم کرنے کے لئے بینکوں کے باہر بینرز آویزاں کئے گئے ہیں۔